Masarrat
Masarrat Urdu

بنگلہ دیش نے ناہیدہ اختر کو ٹی-20 ٹیم کا کپتان مقرر کیا

Thumb

ڈھاکہ، 18 اکتوبر (مسرت ڈاٹ کام) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے اتوار کو ناہیدہ اختر کو بنگلہ دیش کی خاتون ٹی-20 ٹیم کا کپتان مقرر کیا۔ وہ نگار سلطانہ کی جگہ لیں گی، جبکہ شوبھنا مستری کو نائب کپتان بنایا گیا ہے۔

آج یہاں بی سی بی کے خاتون ونگ کے چیئرمین رفیق الاسلام نے کہا کہ ’’ہم نے انتخابی پینل کے ارکان اور دیگر لوگوں کے ساتھ بات چیت کی اور ٹی-20 ٹیم کی کپتانی ناہیدہ کو سونپنے کا فیصلہ کیا۔ شوبھنا مستری ان کی نائب کپتان ہوں گی۔‘‘

رفیق الاسلام نے کہا کہ ناہیدہ کو کپتانی سونپنے کا یہ بالکل صحیح وقت ہے۔ جب 2022 میں سلطانہ نے ٹی-20 کپتان کی حیثیت سے ذمہ داری سنبھالی تھی، تب سے ناہیدہ ٹیم کی نائب کپتان تھیں۔

رفیق الاسلام نے کہاکہ ’’ناہیدہ کافی عرصے سے نائب کپتان رہی ہیں اور اب ہمیں لگتا ہے کہ انہیں اپنی ٹی-20 ٹیم کی ذمہ داری سونپنے کا صحیح وقت آ گیا ہے۔‘‘

سلطانہ نے ٹی-20 ٹیم کی کپتانی چھوڑ دی ہے، لیکن وہ یک روزہ ٹیم کی قیادت کرتی رہیں گی، جیسا کہ انہوں نے حال ہی میں آسٹریلیا کے خلاف 3 میچوں کی یک روزہ سیریز کے دوران کیا تھا۔ سلطانہ کے اس فیصلے سے بی سی بی حیران رہ گیا، حالانکہ ایسا مانا جا رہا ہے کہ وکٹ کیپر بلے باز سلطانہ حالیہ دنوں میں بورڈ کے اپنے ساتھ کیے گئے برتاؤ سے مایوس تھیں۔

بنگلہ دیش کو اب تھائی لینڈ میں ’آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی‘ کھیلنی ہے، جس میں اس کا پہلا مقابلہ 12 نومبر کو پاکستان کے خلاف ہوگا۔

 

Ads