Masarrat
Masarrat Urdu

کانگریس کو خود نہیں معلوم کہ وہ کس طرف جا رہی ہے: سندھیا

Thumb

نئی دہلی، 9 اکتوبر (مسرت ڈاٹ کام) مرکزی وزیر مواصلات جیوتیرادتیہ سندھیا نے امریکی صنعت کار ایلن مسک کی سوشل میڈیا پوسٹ پر حزب اختلاف کے رہنما راہل گاندھی کے تبصرے کے بارے میں جمعہ کو کہا کہ کانگریس کے رہنماؤں کو خود معلوم نہیں ہے کہ وہ کس سمت جا رہے ہیں۔

سیٹلائٹ مواصلاتی خدمات فراہم کرنے والی کمپنی اسٹار لنک کے مالک ایلن مسک نے جمعرات کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا تھا کہ کمپنی کو 165 ممالک میں سیٹلائٹ مواصلات کا لائسنس حاصل ہے۔ گزشتہ 5 سال میں اس نے ہندوستان کے تمام قوانین اور ضروریات کی پابندی کی ہے۔ تو پھر لائسنس کیوں نہیں مل رہا ہے؟ انہوں نے سوال کیا، ’’کیا واقعی (مکیش) امبانی ہندوستان کے مالک ہیں؟‘‘

مسٹر گاندھی نے ان کی اس پوسٹ کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’’ہندوستان میں آپ کا خیرمقدم ہے ایلن۔ (لیکن) جب تک آپ کو کوئی دوسرا شخص نہیں مل جاتا، انتظار کیجیے۔‘‘ ان کا اشارہ ملک میں اقتدار کی تبدیلی کی طرف تھا۔

مسٹر سندھیا نے یہاں یشو بھومی میں منعقدہ انڈیا موبائل کانگریس میں آج ایک پریس کانفرنس کے دوران کانگریس رہنما کے تبصرے کے بارے میں پوچھے جانے پر کہا کہ ’’جہاں تک کانگریس پارٹی کا تعلق ہے، مجھے سمجھ نہیں آتا۔۔۔ مجھے نہیں لگتا کہ انہیں خود معلوم ہے کہ وہ کس طرف جا رہے ہیں، بائیں یا دائیں۔‘‘

وزیر موصوف نے کہا کہ شروع میں کانگریس کو کسی خاص شخص کو لائسنس ملنے پر اعتراض تھا۔ اب اسے اس بات پر اعتراض ہے کہ اس شخص کو لائسنس کیوں نہیں مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’مجھے نہیں معلوم کہ انہیں یہ بھی معلوم ہے یا نہیں کہ وہ کس سمت جا رہے ہیں۔ لیکن کانگریس کے ساتھ ایسا ہی ہوتا ہے اور اس کی توقع بھی کی جا سکتی ہے۔‘‘

اس سے پہلے، ایک اور سوال کے جواب میں مرکزی وزیر نے بتایا کہ ریلائنس جیو، بھارتی انٹرپرائزز کی ون ویب اور اسٹار لنک کو ملک میں سیٹلائٹ مواصلاتی خدمات فراہم کرنے کے لیے لائسنس جاری کیا جا چکا ہے اور ایمیزون نے بھی اس میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’’ایک بار محصولات کی فیس کے نظام کو حتمی شکل دے دی جائے اور یہ تینوں کمپنیاں سلامتی سے متعلق خدشات اور ضروری شرائط کی بنیاد پر اپنے طے شدہ مراحل یا کامیابیوں کے مطابق تمام ضروریات پوری کر لیں، تو ظاہر ہے کہ وہ اپنا کام شروع کر سکتی ہیں۔‘‘

 

Ads