Masarrat
Masarrat Urdu

ایرانی وزیر داخلہ کی امیر قطر سے ملاقات، صدر پزشکیان کا پیغام پہنچا دیا

  • 07 Oct 2026
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

دوحہ، 7 اکتوبر (مسرت ڈاٹ کام) مومنی نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کے دوران صدر مسعود پزشکیان کا پیغام اور ان کے مؤقف سے آگاہ کیا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے کہا ہے کہ انہوں نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کے دوران صدر مسعود پزشکیان کا پیغام اور ان کے مؤقف سے آگاہ کیا، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی اور تجارتی تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے دوحہ میں قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کی۔

مومنی نے بتایا کہ ملاقات میں دوطرفہ امور اور خطے کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور بات چیت کو انہوں نے اچھی اور تعمیری قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ صدر مسعود پزشکیان نے انہیں قطری امیر کے ساتھ کئی امور اٹھانے کی ہدایت کی تھی، چنانچہ انہوں نے صدر کا پیغام اور مؤقف قطری امیر تک پہنچانے کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے باہمی تعلقات سے متعلق دیگر امور پر بھی گفتگو کی۔

ایرانی وزیر داخلہ نے ایران اور قطر کے تعلقات کو برادرانہ اور تعمیری قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اجلاسوں کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ مسائل پر بات چیت اور انہیں حل کرنے کا عمل جاری ہے۔

مومنی نے مزید کہا کہ قطری امیر نے صدر پزشکیان کی جانب سے پیش کیے گئے نکات کا خیرمقدم کیا اور انہوں نے بھی بعض امور مومنی کے سامنے رکھے تاکہ انہیں ایرانی صدر تک پہنچایا جا سکے۔

ان کے مطابق قطری امیر نے علاقائی صورتحال کے بارے میں اپنے مؤقف اور تجاویز سے بھی آگاہ کیا، جنہیں وہ تہران واپسی پر صدر پزشکیان تک پہنچائیں گے۔

ایرانی وزیر داخلہ نے مزید بتایا کہ انہوں نے قطر کے وزیر داخلہ سے بھی الگ ملاقات کی، جس میں دونوں فریقوں نے فیصلہ کیا کہ دونوں وزارتوں کے نمائندوں پر مشتمل ایک مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس مشترکہ ورکنگ گروپ کے ذریعے مذاکرات کے دوران ہونے والے فیصلوں پر عمل درآمد کی نگرانی اور ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

مومنی کے مطابق ایران اور قطر کے درمیان سکیورٹی اور تجارت کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی گنجائش موجود ہے اور اس سلسلے میں ضروری اقدامات اور فالو اَپ جاری رکھا جائے گا۔

Ads