Masarrat
Masarrat Urdu

وزیر اعظم مودی کا 25 اکتوبر کو کاشی میں جن زی سے مجوزہ پروگرام

Thumb

وارانسی، 07 اکتوبر (مسرت ڈاٹ کام) وزیر اعظم نریندر مودی کا 25 اکتوبر کو کاشی میں ہزاروں نوجوانوں کے ساتھ جن زی مکالمہ پروگرام ہے۔ اس کے انعقاد کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق پروگرام کا انعقاد کاشی ہندو یونیورسٹی (بی ایچ یو) یا سمپورنانند سنسکرت یونیورسٹی کے احاطے میں کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔

مجوزہ پروگرام میں 18 سے 25 سال کی عمر کے تقریباً 30 ہزار نوجوانوں کے شامل ہونے کا امکان ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کی ضلعی اور میٹروپولیٹین اکائیوں کے ساتھ ہی علاقائی تنظیم بھی پروگرام کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔

کاشی میں 22، 24 اور 25 اکتوبر کو شاندار فضائی مظاہرے کا انعقاد بھی مجوزہ ہے۔ نمو گھاٹ پر ہونے والے اس پروگرام میں وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سمیت کئی اہم شخصیات کے شرکت کرنے کا امکان ہے۔ فضائی مظاہرے کی تیاریوں کے تحت نمو گھاٹ پر 6 بستروں والا عارضی اسپتال بنایا جارہا ہے، جبکہ حفاظتی انتظامات کے پیش نظر ڈومری میں نگرانی ٹاور بھی بنایا جارہا ہے۔ خصوصی حفاظتی دستہ اور انسداد دہشت گردی دستے سمیت مختلف حفاظتی ایجنسیاں تیاریوں میں مصروف ہیں۔

مجوزہ فضائی مظاہرے میں فوج کے مختلف قسم کے طیارے تقریباً 90 منٹ تک فضائی کرتب پیش کریں گے۔ گنگا کے دونوں کناروں سے اس شاندار پروگرام کو دیکھنے کے لیے تقریباً 30 لاکھ ناظرین کے پہنچنے کا امکان ہے۔ اسے دیکھتے ہوئے پولیس کمشنر موہت اگروال نے افسران کو بھیڑ کے دباؤ والے ممکنہ مقامات کی نشاندہی کرکے تفصیلی بھیڑ انتظامی منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔

پولیس کمشنر نے تمام اہم گھاٹوں اور ناظرین کے مقامات پر داخلے اور باہر نکلنے کے لیے الگ الگ راستے، رکاوٹیں، انتظار گاہیں، قطاروں کے انتظام اور پیدل آمدورفت کے لیے مقررہ راستے بنانے کی ہدایات دی ہیں۔

 

Ads