کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے اے ایف پی سے گفتگو میں کہا کہ دونوں رہنماؤں کی ملاقات صرف ماسکو میں ہوسکتی ہے۔ متبادل مقام پر غور کیے جانے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ روسی صدر ماسکو میں زیلنسکی سے ملاقات کے لیے تیار ہیں۔
یہ ردعمل زیلنسکی کی جانب سے آئندہ دسمبر میں امریکہ میں ہونے والے جی 20 اجلاس کے موقع پر پوتن سے ملاقات پر آمادگی ظاہر کیے جانے کے چند گھنٹے بعد سامنے آیا۔ تاہم کریملن کے مطابق روسی صدر کی اجلاس میں شرکت کا فیصلہ ابھی نہیں کیا گیا ہے۔
زیلنسکی نے کہا کہ پوتن سے ملاقات کی اصل اہمیت بیانات یا سیاسی پیغامات میں نہیں بلکہ اس بات میں ہے کہ مذاکرات کو ٹھوس نتائج میں تبدیل کرنے کی صلاحیت موجود ہو۔ ان کے مطابق آخرکار الفاظ نہیں بلکہ نتائج اہم ہوتے ہیں۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکہ یوکرین جنگ کے قابلِ عمل سفارتی حل کے لیے کوششیں تیز کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ گزشتہ کئی ماہ کی سفارتی کوششوں کے باوجود کیف اور ماسکو کے درمیان جنگ اور دور مار حملوں میں شدت برقرار ہے۔
