Masarrat
Masarrat Urdu

شرائط پوری ہوں گی تو ہی آبنائے ہرمز کھلے گی: ایران

  • 13 Sep 2026
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

تہران، 13 ستمبر (مسرت ڈاٹ کام) ایران نے آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے امریکہ کے سامنے سات شرائط رکھ دی ہیں، تاہم ان شرائط کی تفصیلات سامنے نہیں لائی گئیں۔ تہران نے واضح کیا ہے کہ شرائط پوری نہ ہونے کی صورت میں آبنائے ہرمز نہیں کھولی جائے گی۔

روسی میڈیا کے مطابق ایران نے یہ شرائط ثالثوں کے ذریعے امریکہ تک پہنچائی ہیں۔ ایران نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ عمان کے ساتھ پیر کو طے پانے والے معاہدے کا آبنائے ہرمز کھولنے سے کوئی تعلق نہیں اور اس معاہدے کی بنیاد پر آبنائے ہرمز نہیں کھولی جائے گی۔

ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق تہران پیر کو مسقط میں ایک اجلاس کی میزبانی کرے گا، جس میں عراق اور خلیجی ممالک کے نمائندے شریک ہوں گے۔ اجلاس میں انہیں نئے بحری راستے اور ٹرانزٹ کے انتظامات سے آگاہ کیا جائے گا۔

ایران اور عمان کے معاہدے کے تحت خلیج فارس میں داخلے کا راستہ مکمل طور پر ایرانی آبی گزر گاہوں سے ہوگا، جبکہ خلیج فارس سے باہر نکلنے کا راستہ جزوی طور پر ایرانی حدود سے گزرے گا۔ یہ ٹرانزٹ ایرانی پروٹوکول کے تحت ہوگا۔

ایران کے مطابق جنوبی راستہ، جسے امریکہ کھولنے پر زور دے رہا ہے، بند رکھا جائے گا۔ تہران نے واضح کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کھولنے کا فیصلہ پیش کردہ شرائط کی تکمیل سے مشروط ہے۔

 

Ads