Masarrat
Masarrat Urdu

شیخ نعیم قاسم: مزاحمت ہی لبنان کی آزادی کا واحد راستہ

Thumb

بیروت، 29 اکتوبر  (مسرت ڈاٹ کام) حزب اللہ لبنان کے سیکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے ایران اور امریکہ کے درمیان معاہدے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے نام نہاد ’’فریم ورک معاہدے‘‘ کو غیر قانونی اور باطل قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ثابت قدمی اور مزاحمت کا تسلسل ہی لبنانی سرزمین کو آزاد کرانے کا واحد راستہ ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، شیخ نعیم قاسم نے اپنے بیان میں کہا کہ جب تک اسرائیلی قبضہ اور جارحیت جاری ہے، مزاحمت کو غیر مسلح کرنے کی کوئی گنجائش نہیں۔ حزب اللہ طائف معاہدے میں تسلیم شدہ حقِ مزاحمت کی بنیاد پر اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور لبنان کے خلاف ہر جارحیت کا مقابلہ کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ فریم ورک معاہدہ لبنان کے آئین، طائف معاہدے، قوانین اور حکومتی پالیسیوں کے منافی ہے۔ یہ معاہدہ دشمن کو غیر ضروری رعایتیں دیتا ہے، لبنان کی دفاعی قوت کو کمزور کرتا ہے اور ملک میں انتشار و تباہی کا راستہ ہموار کرتا ہے۔

شیخ نعیم قاسم نے ایران اور امریکہ کے درمیان مفاہمت کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے کے اعلان کے بعد لبنان کے خلاف اسرائیلی جارحیت میں کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے اسرائیلی حملے رکوانے اور لبنانی سرزمین سے اسرائیلی فوج کے انخلا کو اپنی ترجیحات میں شامل کیا ہے۔

انہوں نے امریکی سرپرستی اور تسلط کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بیرونی سرپرستی بھی قبضے کی طرح قومی خودمختاری کی خلاف ورزی ہے۔ ان کے مطابق، اسرائیل کو 27 نومبر 2024 کے معاہدے اور اقوام متحدہ کی قرارداد 1701 کے مطابق پیچھے ہٹنا ہوگا، جبکہ لبنانی فوج کو دریائے لیتانی کے جنوب میں تعینات کیا جانا چاہیے۔

شیخ قاسم نے مزاحمت کے حامیوں اور لبنانی عوام کے اتحاد کو سراہتے ہوئے آبادکاری، بحالی اور تعمیرِ نو کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے قومی اتحاد پر زور دیا اور کہا کہ حزب اللہ، تحریکِ امل اور اس کی اتحادی قوتوں کے درمیان تعلقات مضبوط ہیں۔ یہ تعلقات لبنان کی خودمختاری، قومی فوج کی حمایت، فتنہ انگیزی کی مخالفت اور آئین کے دائرے میں قومی مکالمے پر مبنی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت اور قبضے کے خلاف مزاحمت خطے میں اسرائیل کی توسیع پسندانہ پالیسیوں کا ردعمل ہے۔ ان کے مطابق، امریکہ اور مغربی ممالک کی حمایت نے اسرائیل کو غزہ، مغربی کنارے اور لبنان میں جارحیت جاری رکھنے کا حوصلہ دیا ہے۔

شیخ نعیم قاسم نے ایران کی قیادت اور عوام کی ثابت قدمی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے اپنے خلاف امریکی اور اسرائیلی منصوبوں کو ناکام بنایا ہے۔ ان کے بقول، امریکہ خود سیاسی انتشار اور اقتصادی بحران کا شکار ہے، جبکہ اسرائیل بھی اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے۔

انہوں نے آخر میں کہا کہ مزاحمت کی راہ میں قربانیاں ضرور دینی پڑتی ہیں، لیکن تسلیم ہوجانے اور رعایتیں دینے سے کامیابی حاصل نہیں ہوتی۔ لبنان کی مکمل آزادی اور خودمختاری کے لیے مزاحمت اور ثابت قدمی جاری رکھنا ناگزیر ہے۔

Ads