دو بار کی اولمپک تمغہ فاتح سندھو کو ایرینا گرینڈ پیرس میں کھیلے گئے فائنل میں این سی یونگ نے 16-21، 21-11، 21-12 سے شکست دی۔ اس کے ساتھ ہی سندھو کا این سی یونگ کے خلاف مسلسل 11 میچوں میں شکست کا سلسلہ برقرار رہا۔
پہلا گیم سندھو نے 21-16 سے جیت کر برتری حاصل کی، لیکن این سی یونگ نے دوسرے گیم میں 21-11 سے واپسی کی۔ فیصلہ کن گیم میں بھی سندھو نے ابتدائی طور پر سخت مقابلہ کیا، تاہم جنوبی کوریا کی کھلاڑی نے مسلسل چھ پوائنٹس حاصل کرکے 15-9 کی برتری بنائی اور 21-12 سے گیم جیت کر خطاب اپنے نام کر لیا۔
این سی یونگ کی یہ مسلسل 50ویں جیت ہے اور 2026 میں ان کا ریکارڈ 66-1 ہو گیا ہے۔ فرانسیسی اوپن اس سال ان کا 10واں خطاب ہے۔ سندھو کی این سی یونگ کے خلاف 11 مقابلوں میں یہ صرف دوسرا موقع تھا جب انہوں نے کوئی گیم جیتا۔ اس سے قبل 2023 ایشین بیڈمنٹن چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنل میں بھی سندھو نے پہلا گیم جیتا تھا۔
فرانسیسی اوپن جیتنے والی آخری ہندوستانی خاتون اپرنا پوپٹ تھیں، جنہوں نے 1998 میں خطاب حاصل کیا تھا۔ سائنا نہوال 2012 میں رنر اپ رہی تھیں۔ ساتوک سائراج رنکی ریڈی اور چراغ شیٹی 2024 میں مردوں کے ڈبلز کا خطاب جیتنے والے ہندوستان کے حالیہ فرانسیسی اوپن چیمپئن ہیں۔
