Masarrat
Masarrat Urdu

راجناتھ سنگھ کی ایس سی او رکن ممالک سے دہشت گردی کے پورے نظام کو ختم کرنے کی اپیل

Thumb

نئی دہلی، 20 اکتوبر (مسرت ڈاٹ کام) وزیرِ دفاع راجناتھ سنگھ نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے رکن ممالک سے دہشت گردی کے پورے نظام اور ڈھانچے کو ختم کرنے کے لیے مل کر ٹھوس اور مؤثر اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے۔

تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے میں ایس سی او رکن ممالک کے سربراہانِ حکومت کی کونسل کے 25 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائی میں کسی قسم کے دوہرے معیارات نہیں ہونے چاہئیں اور دہشت گردوں کو مالی امداد، سہولت کاری یا محفوظ پناہ گاہیں فراہم کرنے والوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہونی چاہئے۔

مسٹر سنگھ نے کہا کہ تمام ممالک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کرتے ہوئے ہی مواصلاتی اور تجارتی راہداری کے منصوبوں کو آگے بڑھایا جانا چاہئے۔ انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری اور سپلائی چین کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔ اس کے ساتھ ہی، انہوں نے 2026-2030 کے لیے کثیر جہتی تجارتی اور اقتصادی تعاون کے پروگرام کے ایکشن پلان کی توثیق و حمایت کی۔

وزیرِ دفاع نے کہا کہ ایس سی او کی کامیابی کا اندازہ نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے، تاجروں کے لیے نئی منڈیاں کھولنے اور کسانوں نیز چھوٹے کاروباریوں تک جدید ٹیکنالوجی پہنچانے سے لگایا جانا چاہئے۔ انہوں نے تنظیم سے باہمی اتفاقِ رائے کی بنیاد پر تعاون کو فروغ دینے اور ٹھوس نتائج حاصل کرنے کی اپیل کی۔

اجلاس میں رکن ممالک کے درمیان تجارت، ترسیل و نقل و حمل ، مالیات، ڈیجیٹل معیشت اور سماجی ترقی میں باہمی تعاون کا جائزہ لیا گیا۔ تمام وفود نے مشترکہ اعلامیے، سال 2027 کے ایس سی او بجٹ اور 2026-2030 کے اقتصادی تعاون کے ایکشن پلان کی منظوری دی۔

 

Ads