Masarrat
Masarrat Urdu

مودی نے ووٹ چوری کرکے ملک کو ہائی جیک کر لیا ہے: راہل گاندھی

Thumb

نئی دہلی، 6 اکتوبر (مسرت ڈاٹ کام) لوک سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر براہ راست حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ’ووٹ چوری‘ کرکے ملک کو ہائی جیک کر لیا ہے اور وزیر داخلہ امت شاہ، آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے اس کام میں ان کی مدد کی ہے۔

مسٹر گاندھی نے اپوزیشن جماعتوں کے ارکان پارلیمنٹ کے پارلیمنٹ سے نرواچن سدن تک مارچ کے دوران منگل کو یہاں آکاشوانی بھون کے سامنے تقریباً 5 گھنٹے تک روکے جانے کے بعد میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ چند گھنٹے پہلے تقریباً 300 لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے ارکان ان کے ساتھ آئے تھے۔ تمام ارکان پارلیمنٹ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار اور ان کے 2 ساتھیوں سے ملنا چاہتے تھے، لیکن پولیس نے انہیں روک دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ارکان پارلیمنٹ ملک کے نمائندے ہیں اور ملک کے عوام کی آواز کی نمائندگی کرتے ہیں۔ ان کے ساتھ آئے تمام ارکان پارلیمنٹ الیکشن کمیشن سے ملنا چاہتے تھے، لیکن انہیں ملنے نہیں دیا گیا، جبکہ الیکشن کمیشن کا دفتر وہاں سے تقریباً 50 گز دور ہے، اس کے باوجود انہیں وہاں جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔

اپوزیشن جماعتوں کے انڈیا اتحاد کے ارکان پارلیمنٹ کے پارلیمنٹ سے نرواچن سدن تک ’جمہوریت بچاؤ‘ مارچ کے دوران تمام ارکان کو آکاشوانی بھون کے سامنے روک دیا گیا۔ مسٹر گاندھی، پرینکا گاندھی واڈرا اور کچھ دیگر ارکان پارلیمنٹ دھرنے پر بیٹھ گئے تو پولیس نے سمجھا بجھا کر انہیں آکاشوانی بھون کے اندر لے گئی۔ تقریباً ساڑھے 5 گھنٹے تک آکاشوانی بھون کے اندر رکھنے کے بعد انہیں باہر لایا گیا اور جب وہ نہیں مانے تو انہیں حراست میں لے لیا گیا۔

مسٹر گاندھی نے حراست میں لیے جانے سے پہلے صحافیوں سے کہا کہ ملک میں جمہوریت کو ختم کر دیا گیا ہے۔ ایس آئی آر کے نام پر ملک کے ساتھ جو کچھ کیا گیا ہے، وہ غداری ہے۔ غداری کرنے والوں میں سے کوئی بھی بچ نہیں پائے گا اور سب کے خلاف کارروائی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ تقریباً 300 ارکان پارلیمنٹ گیانیش کمار سے ملنا چاہتے ہیں، لیکن ’گیانیش کمار جی ڈرے ہوئے ہیں۔‘ انہوں نے کہا کہ اگر ملک کے نمائندوں سے الیکشن کمیشن نہیں ملے گا تو جمہوریت کا کیا مطلب ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا، ’’ہم صرف ان کا مقابلہ نہیں کرنے جا رہے ہیں، ہم انہیں ختم کرنے جا رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کیا کہتی ہے، اس میں انہیں کوئی دلچسپی نہیں ہے اور وہ ہندوستان کی جمہوریت کو بچانے کے لیے یہاں کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے ساتھ آئے 300 ارکان پارلیمنٹ بھی ملک میں جمہوریت کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

مسٹر گاندھی نے کہا، ’’امت شاہ، نریندر مودی، موہن بھاگوت اور گیانیش کمار، ان لوگوں نے ملک کی جمہوریت کو ختم کر دیا ہے۔ پورا ملک اور ملک کے نوجوان اس بات کو مانتے اور سمجھتے ہیں۔ ہمیں روکنے والے پولیس اہلکار بھی یہی کہہ رہے ہیں کہ ہم جانتے ہیں۔ اصل میں ملک کو نریندر مودی نے ووٹ چوری کرکے ہائی جیک کیا ہے، امت شاہ جی نے ہائی جیک کیا ہے، موہن بھاگوت جی نے ہائی جیک کیا ہے اور گیانیش کمار نے ان کی مدد کی ہے۔‘‘

کانگریس لیڈر نے کہا، ’’میں سوچ سمجھ کر کہہ رہا ہوں کہ ان تمام لوگوں کے خلاف کارروائی ہوگی اور ان میں سے ایک شخص بھی بچ کر نہیں جائے گا، چاہے وہ نریندر مودی ہوں، امت شاہ ہوں، گیانیش کمار ہوں یا موہن بھاگوت۔ ہمارے ملک کے ساتھ جو کچھ کیا گیا ہے، وہ غداری ہے۔ کوئی بھی بچ کر نہیں بھاگ پائے گا۔‘‘

 

Ads