Masarrat
Masarrat Urdu

وزیراعظم مودی نے برکس کو گلوبل ساؤتھ کا پلیٹ فارم قرار دیتے ہوئے لچک اور جامع ترقی پر زور دیا

Thumb

نئی دہلی، 13 ستمبر (مسرت ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے اتوار کو ایک مضبوط، زیادہ لچکدار اور جامع برکس کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی صدارت میں تنظیم کے ایجنڈے کے مرکز میں لچک، جدت، تعاون اور پائیداری کو رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برکس کو اپنی بڑھتی ہوئی تنوع اور اثر و رسوخ کو گلوبل ساؤتھ کے وسیع تر ممالک کے لیے عملی حل میں تبدیل کرنا ہوگا۔

نئی دہلی کے بھارت منڈپم میں منعقدہ 18ویں برکس سربراہی اجلاس کے دوسرے روز ’’لچک، جدت، تعاون اور پائیداری: جامع عالمی ترقی کے لیے مستقبل کی تشکیل‘‘ کے موضوع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ یہ اجتماع اس تنظیم کی بڑھتی ہوئی رسائی اور اعتماد کی عکاسی کرتا ہے، جو اب مختلف براعظموں، ثقافتوں اور ترقی کے مختلف مراحل سے تعلق رکھنے والے ممالک کو ایک پلیٹ فارم پر لا رہی ہے۔

مودی نے کہاکہ ’’آج یہ ہال مختلف براعظموں، ثقافتوں اور ترقی کے مختلف سفر کو ایک ساتھ لا رہا ہے۔ یہ برکس کی بڑھتی ہوئی طاقت، کشش اور بے مثال اعتماد کا ثبوت ہے۔‘‘

بھارت نے یکم جنوری کو برکس کی صدارت سنبھالی تھی اور اپنی صدارت کو لچک، جدت، تعاون اور پائیداری کے چار ستونوں کے گرد مرکوز کیا ہے۔ مودی نے کہا کہ نئی دہلی نے رکن ممالک کے ساتھ مل کر ان کے مشترکہ وژن کو عملی اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون میں تبدیل کرنے کے لیے کام کیا ہے۔

جدت کے شعبے میں برکس انٹرپرائز پروموشن نیٹ ورک کے ذریعے نئے کاروباری اداروں اور کاروباری فروغ کے مراکز کو ایک دوسرے سے جوڑنے کی پہل کی گئی ہے۔ نئے اور بڑے پیمانے پر قابلِ اطلاق حلوں کی حوصلہ افزائی کے لیے برکس نیو انٹرپرائز انوویشن فنڈ کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ برکس ڈیجیٹل ایگریکلچر نیٹ ورک کے ذریعے مصنوعی ذہانت، جغرافیائی معلوماتی ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر کو کسانوں کی ضروریات سے جوڑنے کی بات کہی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی اور اہم معدنیات کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا مشترکہ ترقی کی راہ میں رکاوٹ بن سکتا ہے۔ اس لیے ٹیکنالوجی کو سب کے لیے قابل رسائی اور جامع بنانے پر زور دیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ برکس کا تعاون صرف حکومتوں تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ اس میں کاروباری افراد، کسانوں، محققین، خواتین، نوجوانوں اور عام شہریوں کی بھی فعال شرکت ہونی چاہیے۔ برکس کنیکٹ انیشی ایٹو کے ذریعے مہارت، روزگار کی اہلیت، افرادی قوت میں خواتین کی شمولیت، سماجی تحفظ اور صلاحیت سازی کو فروغ دیا گیا ہے۔ چھوٹے کاروباری اداروں کو علم، مالی وسائل اور نئی منڈیوں سے جوڑنے کے لیے برکس مائیکرو، اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کوآپریشن پورٹل کی پہل کی گئی ہے۔

شہروں کے درمیان بہتر طریقہ کار اور تجربات کے تبادلے کے لیے برکس اربن موبیلٹی سینٹر قائم کیا گیا ہے۔ پائیداری کے مسئلے پر وزیراعظم نے کہا کہ بھارت میں فطرت کو ماں کا درجہ دیا گیا ہے اور ترقی اور ماحولیات کو ایک دوسرے کا متبادل نہیں بلکہ ایک دوسرے کا معاون سمجھا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسمارٹ بجلی گرڈ اور توانائی ذخیرہ کرنے کے لیے برکس ڈیجیٹل ایکسی لینس سینٹر قائم کیا گیا ہے۔ یہ مرکز صاف توانائی کے نظام کو زیادہ قابل اعتماد، مؤثر اور قابل رسائی بنانے میں مدد کرے گا۔ زرعی ماحولیات اور زراعت کے مراکزِ امتیاز کے ذریعے روایتی علم کو جدید سائنس سے جوڑنے پر کام کیا گیا ہے۔ برادری پر مبنی موسمیاتی موافقت کے لیے تیار کیے گئے اصولوں میں مقامی اور روایتی علم کو موسمیاتی اقدامات کی ایک اہم بنیاد بنانے پر زور دیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ برکس کے ذریعے تیار کیے گئے حل صرف برکس ممالک تک محدود نہیں رہنے چاہئیں بلکہ انہیں گلوبل ساؤتھ کی ضروریات کے مطابق قابلِ اطلاق اور آسانی سے قابل رسائی بنایا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ برکس میں گلوبل ساؤتھ کے ممالک کی آواز سنی جاتی ہے، ان کے تجربات کا احترام کیا جاتا ہے اور ان کے لیے نہیں بلکہ ان کے ساتھ مل کر حل تیار کیے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ برکس کی طاقت اس کے تنوع اور تعاون میں ہے۔ انہوں نے کہاکہ ’’ہمارا تنوع ہماری شناخت رہے، تعاون ہماری تحریک بنے اور ہماری ترقی پوری انسانیت کے کام آئے۔‘‘
 

وزیراعظم کا خطاب ایسے وقت میں ہوا ہے جب عالمی نظام کو بڑھتی ہوئی جغرافیائی سیاسی کشیدگی، معاشی غیر یقینی، موسمیاتی آفات اور عالمی سپلائی چین میں رکاوٹوں کا سامنا ہے۔ مودی نے کہا کہ دنیا میں بڑھتے ہوئے تنازعات اور کشیدگی عام لوگوں کی زندگیوں پر ’’بہت منفی‘‘ اور وسیع اثرات مرتب کر رہے ہیں، جس کے باعث اجتماعی تیاری اور مربوط کارروائی پہلے سے زیادہ اہم ہو گئی ہے۔

Ads