Masarrat
Masarrat Urdu

سال 2027 کے حج سفر کے لیے درخواستوں کا آغاز آج سے

  • 22 Jun 2026
  • مسرت ڈیسک
  • مذہب
Thumb

نئی دہلی، 22 جون (مسرت ڈاٹ کام) مرکزی وزیر برائے اقلیتی امورکرن رجیجو نے پیر کے روز حج پالیسی 2027 کا اعلان کیا، جس کے ساتھ ہی حج کمیٹی نے سال 2027 کے حج سفر کے خواہش مند عازمین سے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔

وزارتِ اقلیتی امور کے مطابق درخواست کا عمل آج سے شروع ہو گیا ہے اور اسے مکمل طور پر ڈیجیٹل اور آسان بنایا گیا ہے۔ حج 2027 کے لیے خواہش مند عازمین حج کمیٹی کے پورٹل اور حج سہولت ایپ کے ذریعے آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔

حج کوٹے کی تقسیم کا تناسب پہلے کی طرح 70:30 برقرار رہے گا۔ اس کے تحت حج کمیٹی کو 1,22,518 نشستیں جبکہ نجی شعبے کو 52,507 نشستیں ملیں گی۔ تاہم حکومت ہندوستانی عازمین کے لیے حج کوٹے میں اضافے کی کوشش بھی کرے گی۔ گزشتہ سال ہندوستان کا مجموعی حج کوٹہ 1,75,025 تھا۔

انہوں نے کہا کہ یہ پالیسی 18 جون کو منعقدہ حج جائزہ اجلاس کے بعد جاری کی گئی ہے، جس میں حج 2026 کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور حج 2027 کے خدوخال کو حتمی شکل دی گئی۔ پالیسی کا بروقت اعلان اور درخواستی عمل کا فوری آغاز سعودی عرب کی مقررہ وقت کی حدود کے مطابق تیاریوں کو یقینی بنائے گا۔

نئی حج پالیسی میں عازمین کی سہولت اور سلامتی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ ریاستی حج انسپکٹروں کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے اور اب ایک انسپکٹر 150 کے بجائے 135 عازمین کی نگرانی کرے گا۔

اسی طرح حج 2026 کی آخری ویٹنگ لسٹ میں شامل سرفہرست 20 فیصد درخواست دہندگان کو ترجیح دی جائے گی۔ گزشتہ سال متعارف کرایا گیا 20 روزہ شارٹ حج پیکیج بھی برقرار رکھا گیا ہے، جبکہ علاقائی طلب کو مدنظر رکھتے ہوئے کولکاتا کو نیا امبارکیشن پوائنٹ (روانگی مرکز) بنایا گیا ہے۔

پالیسی کے تحت طبی معائنہ سعودی عرب کے صحت کے معیارات کے مطابق کیا جائے گا۔ شدید یا طویل مدت بیماریوں میں مبتلا افراد کی طبی جانچ مزید سخت کی جائے گی تاکہ عازمین کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔

مزید برآں، حج انتظامات کو ٹیکنالوجی پر مبنی بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کا استعمال کیا جائے گا۔ اے آئی کی مدد سے درخواستوں اور دستاویزات کی تصدیق، پروازوں کی منصوبہ بندی، شکایات کی نگرانی اور ان کے ازالے جیسی سہولیات مرحلہ وار نافذ کی جائیں گی۔

 

Ads