اسلام آباد، 3 اگست (مسرت ڈاٹ کام) پاکستان اور ایران کے وزرائے دفاع نے ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششوں، علاقائی سلامتی اور دفاعی شراکت کو فروغ دینے پر زور دیا۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے اسلام آباد میں ایران کے وزیر دفاع اور مسلح افواج کے رابطہ کار جنرل عزیز نصیرزاده سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران دو ایسے ممالک ہیں جو ہمیشہ کے لیے بھائی رہیں گے۔ یہ ملاقات ایران اور پاکستان کے تعلقات کو مزید مضبوط کرے گی اور ان روابط کو ایک نئے اور اعلی مرحلے میں داخل کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم ایران کے ساتھ فوجی تعاون کے فروغ اور تجارتی و اقتصادی روابط کو وسعت دینے کے خواہاں ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے تعلقات نہایت مستحکم ہیں اور ہم اسلامی جمہوری ایران کے ساتھ ایک دیرپا شراکت داری کے ذریعے خطے میں امن کے قیام کے خواہاں ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون جاری رکھنا چاہیے اور دیگر ہمسایہ اور خطے کے ممالک کو بھی اس عمل میں شامل کر کے خطے میں امن کے قیام کی کوشش کرنی چاہیے۔
پاکستانی وزیر دفاع نے مزید کہا کہ خطے میں استحکام ایران، پاکستان اور اس خطے کے دیگر اقوام کی ترقی و خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔
اسی دوران پاکستان کی وزارت دفاع نے بھی ایک اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ محمد آصف اور ایرانی وزیر دفاع جنرل عزیز نصیرزاده کی ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن کے لیے دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
ملاقات میں فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سیکورٹی، دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششوں اور دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان دفاعی تعاون بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
ایرانی وزیر دفاع نے بھی پاکستانی حکومت کی جانب سے ایرانی وفد خصوصا صدر کے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کیا اور باہمی احترام، مشترکہ اقدار اور اعتماد کی بنیاد پر مضبوط دفاعی تعلقات کے قیام کے ایرانی عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ تہران اس سمت میں سنجیدہ ہے۔