Masarrat
Masarrat Urdu

ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزیشکیان کل سرکاری دورے پر پاکستان پہنچیں گے، پاکستانی دفتر خارجہ

Thumb

تہران، یکم اگست (مسرت ڈاٹ کام) ایرانی صدر مسعود پزیشکیان کل سرکاری دورے پر پاکستان پہنچیں گے، جو ان کا بطور صدر پاکستان کا پہلا دورہ ہو گا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی صدر یہ دورہ وزیر اعظم شہباز شریف کی دعوت پر کر رہے ہیں، جو ان کا بطور صدر پاکستان کا پہلا دورہ ہو گا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ کہ ایرانی صدر کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی پاکستان پہنچے گا، جس میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سمیت دیگر اہم حکام شامل ہوں گے۔

دورے کے دوران ایرانی صدر کی صدر پاکستان اور وزیر اعظم شہباز شریف سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں ہوں گی، جب کہ وفود کی سطح پر بھی تفصیلی مذاکرات کیے جائیں گے۔

ان ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی تعاون، تجارت، توانائی اور بارڈر سیکیورٹی سمیت مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

دفتر خارجہ کے مطابق ڈاکٹر مسعود پزیشکیان کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

یاد رہے کہ وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے رواں سال 26 مئی کو ایران کا دورہ کیا تھا، جس کے بعد یہ اعلیٰ سطح کا دوطرفہ رابطہ جاری رکھنے کا تسلسل ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ایرانی صدر کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے دروازے کھلیں گے اور خطے میں استحکام و ترقی کو فروغ ملے گا۔

Ads