نئی دہلی 05 جولائی (مسرت ڈاٹ کام) مفرور ہیروں کے تاجر اور پنجاب نیشنل بینک گھپلہ کے اہم ملزم نیرو مودی کے بھائی نہال مودی کو امریکہ میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق امریکی محکمہ انصاف نے جمعہ کو نہال مودی کو گرفتار کیا۔ یہ گرفتاری ہندوستانی ایجنسیوں سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی درخواست پر کی گئی ہے۔
نہال مودی پر نیرو مودی سے متعلق ثبوت چھپانے، گواہوں کو دھمکیاں دینے اور ملک کے سب سے بڑے بینک گھپلوں میں سے ایک پنجاب نیشنل بینک گھپلے میں رقم چھپانے میں اہم کردار ادا کرنے کا الزام ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اب نہال مودی کی ہندوستان حوالگی کی کارروائی کو تیز کرنے کے لیے امریکی حکام سے رابطہ کیا جائے گا۔
13 ہزار کروڑ روپے کے بینک گھپلے سے متعلق معاملے میں نہال مودی کی گرفتاری کو ایک بڑی قانونی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔