بیونس آئرس/نئی دہلی، 5 جولائی (مسرت ڈاٹ کام) یہاں ہندوستانی تارکین وطن کی طرف سے پُرتپاک استقبال کیے جانےکے بعد، وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ہندوستانی تارکین وطن میں ہندوستان کے روشن جذبے کو دیکھ کر واقعی خوشی ہو رہی ہے۔وزیر اعظم مودی ارجنٹینا کے دو دن کے دورے پر ہیں۔
ایکس پر ایک پوسٹ میں، وزیر اعظم نے لکھا، ’’جب ثقافتی رابطے کی بات آتی ہے تو فاصلہ کوئی رکاوٹ نہیں بنتا! بیونس آئرس میں ہندوستانی برادری کی جانب سے شاندار استقبال میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔ یہ دیکھ کر واقعی خوشی محسوس ہورہی ہے کہ کس طرح، گھر سے ہزاروں کلومیٹر دور، ہندوستان کا جذبہ ہماری ہندوستانی برادری کے ذریعے چمک رہا ہے۔‘‘
وزیر اعظم مودی کے ارجنٹینادورے کا مقصد دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانا اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے مواقع کا جائزہ لینا ہے۔
وزیر اعظم مودی جمہوریۂ ارجنٹیناکےصدر جیوئر مائلی کی دعوت پر اپنے پانچ ملکوں کے دورے کے تیسرے مرحلے میں بیونس آئرس پہنچےہیں۔
نایاب زمینی معدنیات مختلف ہائی ٹیک صنعتوں اور شفاف توانائی کی منتقلی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، جسے حاصل کرنے کی خاطرممالک سرگرمی سے مصروف ہیں اور ارجنٹیناان متعدد ممالک میں شامل ہے جو اہم معدنیات جیسے لیتھیم، کاپر اور نایاب زمینی عناصربڑی مقدار میں موجود ہیں۔ ارجنٹینامیں دنیا کے دوسری سب سے بڑے شیل گیس اور چوتھے سب سے بڑے شیل آئل کے ذخائر بھی ہیں۔
ایزیزا بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچنے پر، وزیر اعظم مودی کو باقاعدہ استقبالیہ دیا گیا اور اُن کے استقبال میں روایتی ہندوستانی رقص پیش کیا گیا۔
اس سے پہلے وزیر اعظم مودی جی 20 سربراہ کانفرنس کے لیے 2018 میں ارجنٹینا کا دورہ کر چکے ہیں۔
وزارت خارجہ کے سرکاری ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا کہ 57 برسوں میں کسی ہندوستانی وزیر اعظم کا ارجنٹینا کا یہ پہلا دو طرفہ دورہ ہے۔
ایکس پر ایک پوسٹ میں، انہوں نے کہا، ’’ہم ملکوں کے درمیان پائیدار دوستی کا جشن منا رہے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی سرکاری دورے پر ارجنٹینا کے خوبصورت شہر بیونس آئرس پہنچ گئے ہیں۔ ہوائی اڈے پہنچنے پر ان کا باضابطہ استقبال کیا گیا۔ 57 برسوں میں کسی ہندوستانی وزیر اعظم کا ارجنٹینا کا یہ پہلا دو طرفہ دورہ ہے اور یہ ہندوستان اور ارجنٹینا کے تعلقات میں نئے باب کی حیثیت رکھتا ہے۔‘‘