نئی دہلی 5 ،جولائی (مسرت ڈاٹ کام) کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیر صنعت پیوش گوئل جو بھی دعویٰ کریں، یہ یقینی ہے کہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی ٹیرف شرائط کے دباؤ کے سامنے مسٹر مودی جھک جائیں گے۔
مسٹر گاندھی نے ہفتہ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ پیوش گوئل جتنا چاہے اپنا سینہ پیٹ لیں، لیکن میں جو کچھ کہتا ہوں، اس پر توجہ دیں کہ کیا مسٹر مودی ٹرمپ کی ٹیرف ڈیڈ لائن کے سامنے جھک جائیں گے۔
کانگریس لیڈر نے مسٹر گوئل کے بیان پر شائع ایک خبر کا حصہ بھی پوسٹ کی ہے، جس میں وہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ ان کی حکومت کے لیے امریکہ کے ساتھ تجارتی بات چیت کے دوران امریکی ٹیرف کی طے شدہ حد سے زیادہ اہم ہندوستان کا مفاد ہے۔
مسٹر گاندھی کا ردعمل وزیر صنعت کے اس بیان پر آیا ہے، جس میں مسٹر گوئل نے کہا ہے کہ ہندوستان نے کبھی بھی تجارتی معاہدے یا اس کے کسی حصے پر کسی وقت کی پابندی یا دباؤ میں بات نہیں کی۔ ہم قومی مفادات کو یقینی بنا کر منصفانہ معاہدہ چاہتے ہیں، جس سے ہمیں فائدہ ہوتا رہے گا۔