Masarrat
Masarrat Urdu

شاعر انقلاب جوش ملیح آبادی پر تقریب جوش 2024 کا انعقاد آج

  • 05 Jul 2024
  • مسرت ڈیسک
  • ادب
Thumb

نئی  دہلی، 5جولائی (مسرت ڈاٹ کام) ملک کی قومی راجدھانی  میں شاعر انقلاب اور  شاعر انسانیت جوش ملیح آبادی کی بے مثال فکر اور لا ثانی فن کا جشن منایا  جا رہا ہے۔ اس ضمن میں عبارت پبلی کیشن اور ادبی و ثقافتی تنظیم 'شانِ  الفاظ ' کی جانب سے 'ایوانِ غالب میں 6 جولائی کو 'جوش -2024 ' کے عنوان سے  ایک پر وقار تقریب کا انعقاد ہو رہا ہے۔

آج یہاں جاری ایک  ریلیز کے مطابق اس تقریب میں جوش ملیح آبادی کے آخری شعری مجموعے 'محمل و  جرس ' اور نثری کتاب ' فکر و ذکر ' کا اجرا عمل میں آئے گا۔  مشاعرے کا  اہتمام ہو گا۔ جوش پر دستاویزی فلم دکھائی جائے گی اور مشہور و معروف  گلوکار جوش کا کلام پیش کریں گے۔ جوش ملیح آبادی اور ان کے تعلق سے لکھی  گئی کتابوں کی نمائش  بھی لگائی جائے گی۔
واضح رہے کہ جوش کی  وفات کے 41 برس بعد ان کا آخری شعری مجموعہ 'محمل و جرس' اور  آخری مجموعہ  نثر 'فکر و ذکر' شائع ہوا ہے ۔  عبارت پہلی کیشنز کو عظیم شاعر جوش ملیح  آبادی کی ان دو کتابوں کی اشاعت کا شرف حاصل ہوا ہے۔ یہ دونوں کتابیں عدیل  زیدی (ہیوسٹن، امریکہ ) نے مرتب کی ہیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر ہلا ل نقوی کا  مرتبہ 'کلیات جوش' اور ان کی خود نوشت 'یادوں کی برات'  کی رونمائی بھی عمل  میں آئے گی۔ جوش ملیح آبادی کی زندگی اور کار ناموں پر مبنی  دستاویزی  فلم  سید اقبال حیدر ( کینیڈا) نے بنائی ہے ۔ معروف اسٹوری ٹیلر سو یچھا پر  شاد جوش کی کہانی سنا ئیں گی۔
آگرہ گھرانے کے معروف گلو کار سدھیر  نارائن اور ان کی بیٹی کیرتکا نارائن جوش ملیح آبادی کا کلام پیش کریں گی,  جب کہ ابھرتے ہوئے گلو کار اور موسیقار حید ر سیف بھی اپنے فن کا مظاہرہ  کریں گے۔ تقریب کے کنوینر سلام خان اور کیو ریٹر شارقہ  ملک کے مطابق  کتابوں کے اجرا  کے جلسے کی صدارت مشہور مصنف اور اسکالر اشوک واجپائی کریں  گے۔ایمبیسڈر  پروفیسر انور حلیم مہمان خصوصی ہوں گے۔ اس موقع پر دہلی  یونیورسٹی کے پروفیسر ایمریٹس پروفیسر عبد الحق، اے رحمان ایڈووکیٹ،  پروفیسر انیس الرحمن، پروفیسر اختر الواسع ، ڈاکٹر خالد علوی، ڈاکٹر اطہر  فاروقی, حقانی القاسمی اور معین شاداب وغیرہ جوش ملیح آبادی اور ان کی  شاعری پر اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔
پروفیسر خالد محمود کی صدارت  میں ہونے والے مشاعرے میں  پروفیسر شہپر رسول, پروفیسر احمد محفوظ, خورشید  اکبر , منیر ہمدم , اسد رضا, شکیل شمسی, شاہد انجم, اعجاز انصاری, ڈاکٹر  ماجد دیوبندی, ڈاکٹر رحمٰن مصور,ارشد ندیم  رنجیت چوہان, آلوک شریواستو,  سالم سلیم, آبگینہ عارف وغیرہ شعرا شرکت  کریں گے۔دہلی کے تمام اہم  ادبی  اداروں کے سربراہ, مختلف دانشور, اسکالر، ادیب , شاعر,  صحافی اور عمائدین  کثیر تعداد میں  تقریب میں موجود ہوں گے۔

Ads