Masarrat
Masarrat Urdu

مشفق الرحیم ٹیسٹ کرکٹ میں 7000 رن بنانے والے پہلے بنگلہ دیشی بلے باز بنے

Thumb

ڈھاکہ، 9 نومبر (مسرت ڈاٹ کام) مشفق الرحیم ٹیسٹ کرکٹ میں 7000 رن بنانے والے بنگلہ دیش کے پہلے بلے باز بن گئے ہیں۔ انہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سلہٹ میں جاری ٹیسٹ میچ کے آخری دن یہ کامیابی حاصل کی۔ لنچ کے فوراً بعد انہوں نے روسٹن چیز کی گیند پر ایک رن لے کر یہ سنگ میل عبور کیا۔

ایسا لگا کہ انہیں اس کامیابی کا احساس ہی نہیں ہوا۔ انہیں اس وقت اس کا علم ہوا جب ڈریسنگ روم میں ان کے ساتھی کھلاڑی کھڑے ہو کر ان کے لیے تالیاں بجانے لگے۔

مشفق الرحیم، جو انگلی میں چوٹ لگنے کی وجہ سے اس سیریز کا پہلا ٹیسٹ نہیں کھیل پائے تھے، ٹیسٹ کرکٹ میں 5000 اور 6000 رن مکمل کرنے والے بھی بنگلہ دیش کے پہلے بلے باز تھے۔ انہوں نے بالترتیب 2022 اور 2024 میں یہ سنگ میل حاصل کیے تھے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں بنگلہ دیش کے لیے سب سے زیادہ رن بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں مشفق الرحیم کے بعد مومن الحق دوسرے اور ریٹائرمنٹ لے چکے تمیم اقبال تیسرے نمبر پر ہیں۔ تاہم، مومن الحق 5293 رن کے ساتھ مشفق الرحیم سے تقریباً 2000 رن پیچھے ہیں۔

بنگلہ دیش کے لیے سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں بھی مومن الحق اور تمیم، مشفق الرحیم کے فوراً بعد ہیں۔ مشفق الرحیم کے نام 14 سنچریاں ہیں، جن میں ان کا سب سے بڑا اسکور ناٹ آؤٹ 219 رن ہے۔ یہ ٹیسٹ کرکٹ میں کسی بنگلہ دیشی بلے باز کا سب سے بڑا انفرادی اسکور تھا، جسے حال ہی میں سلہٹ ٹیسٹ میں توحید ہردوئے نے ناٹ آؤٹ 242 رن بنا کر پیچھے چھوڑ دیا۔ مومن الحق اور تمیم کے نام بالترتیب 13 اور 10 سنچریاں ہیں۔

سال 2005 میں اپنے بین الاقوامی کریر کا آغاز کرنے والے مشفق الرحیم بنگلہ دیش کے سب سے تجربہ کار ٹیسٹ کرکٹر ہیں۔ وہ اپنا 107واں ٹیسٹ کھیل رہے ہیں۔ نومبر 2025 میں وہ اپنے ملک کے پہلے ایسے کھلاڑی بنے تھے، جنہوں نے 100 ٹیسٹ میچ کھیلے ہوں۔ مشفق الرحیم نے اپنے کریر کا آغاز نچلے درمیانی آرڈر کے بلے باز اور وکٹ کیپر کے طور پر کیا تھا۔ انہیں اپنے پہلے 1000 ٹیسٹ رن مکمل کرنے کے لیے 20 ٹیسٹ میچ کھیلنے پڑے تھے۔ بنگلہ دیشی ٹیم میں ان کا رول جیسے جیسے بڑھتا گیا، خاص طور پر 2011 میں کپتان بننے کے بعد، ویسے ویسے ان کے رن بنانے کا سلسلہ بھی تیز ہوتا گیا۔

وقت کے ساتھ وہ مزید رن بنانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 6000 سے 7000 رن تک پہنچنے کے لیے صرف 25 اننگز کھیلیں۔ مشفق الرحیم نے ون ڈے میں 6697 رن اور ٹی 20 میں 1495 رن بھی بنائے ہیں، حالانکہ وہ ان دونوں فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں۔

 

Ads