ایئر لائن نے ہفتے کے روز جدہ، دمام اور مدینہ کی پروازوں کی معطلی کی مدت بھی بڑھا کر 31 اکتوبر کرنے کا اعلان کیا۔ اس سے پہلے جمعہ کو اس نے ریاض سے آنے اور وہاں جانے والی پروازیں 31 اکتوبر تک، جبکہ جدہ، دمام اور مدینہ کی پروازیں 27 اکتوبر تک منسوخ رکھنے کا اعلان کیا تھا۔
انڈیگو نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بتایا کہ صورتِ حال کا محتاط انداز میں جائزہ لینے کے بعد جدہ، دمام اور مدینہ جانے اور وہاں سے آنے والی پروازیں بھی 31 اکتوبر تک منسوخ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ایئر انڈیا اور ایئر انڈیا ایکسپریس نے بھی 24 اکتوبر تک سعودی عرب سے آنے اور وہاں جانے والی تمام پروازیں منسوخ رکھنے کا اعلان کیا تھا۔ تاہم، خبر لکھے جانے تک ان کی جانب سے اس مدت میں توسیع کے بارے میں کوئی سرکاری اطلاع نہیں ملی تھی۔ البتہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک مسافر کی پوسٹ کے جواب میں ایئر انڈیا نے بتایا کہ 31 اکتوبر تک ریاض، دمام اور جدہ کے لیے اس کی تمام پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
