نئی دہلی، 22 اکتوبر (مسرت ڈاٹ کام) کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے اپنے بیٹے ریحان واڈرا کی تصویری نمائش سے تصاویر ہٹائے جانے پر پیدا ہونے والے تنازع کے درمیان ان کے اظہارِ خیال کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سچائی کے راستے پر چل رہے ہیں۔
محترمہ واڈرا نے جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، ’’جب کوئی طاقتور شخص دوسرے کے اظہارِ خیال سے خوف زدہ ہونے لگتا ہے، تو اسے اس بات کا بالکل احساس نہیں ہوتا کہ وہ خود اس طاقت کو پہلے ہی کھو چکا ہے، جسے بچانے کی وہ کوشش کر رہا ہے۔‘‘
کانگریس کی رکنِ پارلیمنٹ نے اپنے بیٹے ریحان سے مخاطب ہوتے ہوئے مزید لکھا، ’’آپ سچائی کے لیے کھڑے رہیں اور ہر خوبصورت چیز خود آپ تک پہنچنے کا راستہ تلاش کر لے گی۔ مجھے آپ پر فخر ہے اور ہمیشہ رہے گا۔ — ماں۔‘‘
قابلِ ذکر ہے کہ ریحان واڈرا کی یہاں بیکانیر ہاؤس میں منعقدہ تصویری نمائش ’نو آئیڈیا اِز فائنل‘ کے افتتاح سے چند گھنٹے قبل انتظامیہ نے نمائش سے بعض تصاویر ہٹانے کے لیے کہا تھا۔ ریحان کے مطابق، یہ تصاویر ملک میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں پر مبنی تھیں۔ ان کے والد رابرٹ واڈرا نے الزام لگایا کہ نمائش کے افتتاح سے عین پہلے تصاویر ہٹانے کے لیے کہا گیا، جبکہ اس سے پہلے کوئی اعتراض نہیں اٹھایا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ریحان نے تصاویر ہٹانے کے فیصلے پر اپنا موقف پیش کیا۔ ان تصاویر میں قومی پرچم والی تصویر بھی شامل تھی۔
رابرٹ واڈرا نے بھی اپنے بیٹے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی تصاویر کی نمائش کے لیے کسی دوسری جگہ کی تلاش کریں گے۔ دوسری جانب، بیکانیر ہاؤس مینجمنٹ سوسائٹی نے کہا کہ بعض تصاویر اس کی پالیسی کے مطابق نہیں تھیں، اس لیے انہیں ہٹانے کی درخواست کی گئی تھی۔ سوسائٹی کے مطابق، پالیسی کے مطابق پائی جانے والی تصاویر کی نمائش جاری ہے۔
یواین آئی ۔ ایف اے
