Masarrat
Masarrat Urdu

سی جے پی بانی ابھیجیت دپکے کو ملی ضمانت

Thumb

نئی دہلی، 17 اکتوبر (مسرت ڈاٹ کام) کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کے بانی ابھیجیت دپکے کو ہفتے کی شام خصوصی ایگزیکٹیو مجسٹریٹ نے کچھ شرائط پر ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا۔ انہیں آج صبح ہی گرفتار کیا گیا تھا۔

مسٹر دپکے کو یہاں کناٹ پلیس میں 'لہرا دو ترنگا' مارچ نکالنے کی کوشش کے سلسلے میں جمعہ کے روز حراست میں لیا گیا تھا۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے سی جے پی کی طرف سے منعقدہ گزشتہ مظاہرے کے بعد داخل کیئے گئے مچلے کی شرائط کی خلاف ورزی کی ہے۔ مچلکے میں کہا گیا تھا کہ وہ امن و امان برقرار رکھیں گے۔

پولیس نے ان کے خلاف بھارتیہ ناگرک سرکشا سنہتا (بی این ایس ایس) کی دفعہ 126/170 کے تحت کارروائی کی ہے۔ انہیں آج شام خصوصی ایگزیکٹو مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا جہاں انہیں کچھ شرائط کے ساتھ ضمانت پر رہا کرنے کے احکامات دیے گئے۔

اس سے قبل جمعہ کو سی جے پی نے دعویٰ کیا تھا کہ مسٹر دپکے کو کسی نامعلوم مقام پر لے جایا گیا تھا۔ تنظیم کے قومی انچارج اجنکیہ شندے نے جمعہ کی دیر رات کہا تھا کہ انہیں حراست میں لیے جانے کے آٹھ گھنٹے سے زائد وقت گزرنے کے بعد بھی ان کے جائے وقوع کا علم نہیں تھا اور انہیں وکیل یا پارٹی ٹیم سے بات کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی تھی۔

پولیس نے بتایا کہ امن و امان برقرار رکھنے اور ٹریفک کی ہموار نقل و حمل کو یقینی بنانے کے لیے جمعہ کے روز تقریباً 150 افراد کو حراست میں لیا گیا تھا۔ سی جے پی کے شریک-کنوینر سوربھ داس اور آشوتوش رانکا پہلے ہی سے پانچ دن کی عدالتی تحویل میں ہیں۔ مسٹر داس، مسٹر رانکا اور 12 دیگر افراد کو منگل (13 اکتوبر) کی صبح جنتر منتر کے بند گیٹ پر چڑھ کر احاطے میں داخل ہونے کے بعد حراست میں لیا گیا تھا۔ جنتر منتر کو حال ہی میں احتجاج کے لیے نامزد مقامات کی فہرست سے باہر کر دیا گیا تھا۔

 

Ads