Masarrat
Masarrat Urdu

انڈیا اتحاد ایس آئی آر کے ذریعے ملک کو برباد نہیں ہونے دے گا: کھرگے

Thumb

نئی دہلی، 3 اکتوبر (مسرت ڈاٹ کام) کانگریس کے صدر ملیکارجن کھرگے نے کہا ہے کہ ایس آئی آر کے ذریعے ملک کو برباد کرنے اور جمہوریت کو ختم کرنے کی کوششوں کو انڈیا اتحاد کامیاب نہیں ہونے دے گا اور اس کے خلاف ملک بھر میں مل کر لڑائی لڑی جائے گی۔

مسٹر کھرگے نے ہفتہ کے روز یہاں جاری ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ ایس آئی آر کی وجہ سے پورا انتخابی عمل برباد ہو گیا ہے۔ بی جے پی حکومت میں جمہوریت کو برباد کر دیا گیا ہے۔ یہاں 'انتخابات غیر قانونی' ہو رہے ہیں اور ان انتخابات کے جو بھی نتائج آ رہے ہیں وہ سب غیر قانونی ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا "ملک میں 'غیر قانونی انتخابات' ہو رہے ہیں، وزیراعظم نریندر مودی 'غیر قانونی وزیراعظم' اور امت شاہ 'غیر قانونی وزیر داخلہ' ہیں۔ حکومتوں کو تحلیل کیا جانا چاہیے اور انتخابات بیلٹ پیپر سے کرائے جانے چاہئیں۔" انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں چل رہے اس غیر قانونی عمل کے مدنظر ہی انڈیا اتحاد کا اجلاس بلایا گیا تھا جس میں 20 پارٹیوں کے رہنماؤں کے ساتھ لیگل سیل کے کپل سبل کو بھی بلایا گیا۔ میٹنگ میں سبھی نے تسلیم کیا کہ ایس آئی آر غلط طریقے سے ہو رہا ہے اور اس سے غریب، پسماندہ اور خاص طور پر اقلیتی طبقات کے لوگوں کو شدید پریشانی ہو رہی ہے۔

کانگریس صدر نے ووٹ کاٹے جانے کو غلط بتایا اور کہا کہ ایک ایک بوتھ سے اگر 500-500 لوگوں کے نام بھی ہٹا دیے جاتے ہیں تو اس سے بہت بڑا فرق پڑتا ہے۔ اب ان ناموں کو دوبارہ جوڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس کے لوگ اپنے اپنے لوگوں کے نام رکھ رہے ہیں جبکہ غریبوں کو نام جڑوانے میں وقت اور پیسہ خرچ کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل پر قبضہ کرنے کے لیے وزیراعظم ملک کی جمہوریت کو برباد کرنے والا قانون لے کر آئے ہیں۔ اس قانون کو لانے سے پہلے اس کمیٹی کی ساخت بدل دی گئی تھی جس میں وزیراعظم، اپوزیشن لیڈر اور سپریم کورٹ کے چیف جسٹس الیکشن کمیشن کی تشکیل کے عمل میں شامل ہوتے تھے۔ چیف جسٹس کو ہٹا کر ایک وزیر کو کمیٹی میں رکھا گیا اور چیف الیکشن کمشنر کے انتخاب کا نیا طریقہ کار بنایا گیا۔

کانگریس صدر نے کہا کہ اگر چیف الیکشن کمشنر نے غلطی کی ہے اور اس کی غلطی پکڑی بھی جاتی ہے تو اسے قصوروار نہیں مانا جا سکتا۔ قانون میں یہ نظام ہے کہ جب تک وہ زندہ ہیں، ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے من مانی ہو رہی ہے اور دو دیگر الیکشن کمشنروں کے خط لکھنے کے باوجود ان کی بات نہیں سنی گئی۔ ایک اخبار میں یہ معاملہ سامنے آنے کے بعد کانگریس نے بھی اسے اٹھایا اور اب پورے ملک میں تحریک چل رہی ہے۔ مسٹر کھرگے نے کہا کہ ملک میں ای وی ایم کا غلط استعمال ہو رہا ہے اور اس لیے انتخابات بیلٹ پیپر سے ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل کو شفاف بنانے کے لیے انڈیا اتحاد کی پہلی تحریک جمعہ کو دہلی میں ہوئی اور اب تمام جماعتیں مل کر چھ اکتوبر کو ایک بڑی تحریک چلائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کا کام لوگوں کو بیدار کرنا ہے اور اگر غلطی ہو رہی ہے تو انتخابات بیلٹ پیپر سے کرائے جانے چاہئیں۔

 

Ads