دارالحکومت میں یونین پبلک سروس کمیشن (یو پی ایس سی) کے ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے بدھ کے روز دبئی سے تل ابیب کی پرواز میں کیپٹن اسمت کے ساتھ ہوئے واقعے کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی بہادری 'ہر ہم وطن کو فخر سے بھر دیتی ہے۔' مسٹر مودی نے ان کا استقبال کرتے ہوئے لوگوں سے کیپٹن اسمت کی بہترین صحت کے لیے دعا کرنے کی اپیل کی۔
مسٹر مودی نے اپنے خطاب کے آغاز میں کل فلائی دبئی کی پرواز میں پیش آئے واقعے کا ذکر کیا۔ مسٹر مودی نے کہا، "... آج اسرائیل کے وزیرِ اعظم نے کہا کہ اس ہندوستانی نے 9/11 ہونے سے بچا لیا۔ ہر ہم وطن کے لیے اسمت کی یہ بہادری ہمیں فخر سے بھر دیتی ہے۔" وزیرِ اعظم نے بتایا کہ ان کی آج اسمت کے والد بھوپیندر بھائی، ان کی والدہ گیتا بہن اور اہلیہ بہن سونل سے بھی بات چیت ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ کیپٹن اسمت کا علاج چل رہا ہے، "آج پوری دنیا ان پر فخر کر رہی ہے۔ میں ہم وطنوں سے دعا کرتا ہوں کہ ہم سب اسمت کی لمبی عمر کے لیے، اسمت کی بہترین صحت کے لیے دعا کریں، اور ہندوستان کے فخر کو بڑھانے والے بھائی ا سمت کا استقبال کریں۔"
اس سے پہلے وزیرِ اعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر کہا، "کیپٹن اسمت مچھار ایک ہیرو ہیں۔ سب سے بڑے خطرے کا سامنا کرتے ہوئے اور شدید طور پر زخمی ہونے کے باوجود انہوں نے بہت ہمت اور دوسروں کی جان بچانے کا پختہ ارادہ دکھایا۔" وزیرِ اعظم نے کہا کہ ان کی بہادری نے سینکڑوں جانیں بچانے اور ایک بڑے سانحے کو ٹالنے میں مدد کی۔ ہندوستان کو کیپٹن مچھار پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کیپٹن مچھار کے جلد ٹھیک ہونے، نئی طاقت اور اچھی صحت کے لیے دعا کر رہے ہیں۔
اسرائیل کے وزیرِ اعظم بنیامن نیتن یاہو نے 'ایکس' پر کہا کہ ہندوستانی پائلٹ کیپٹن اسمت مچھار کو ان کی زبردست بہادری کے لیے میرا سلام۔ انہوں نے کہا کہ پائلٹ مچھار نے چاقو لگنے اور شدید طور پر زخمی ہونے کے باوجود مقابلہ کیا، مزاحمت کی، کاک پٹ کا دروازہ کھولا اور مسافروں نیز عملے کو حملہ آور پر قابو پانے میں مدد کی جس سے ہوا میں ایک بڑا حادثہ ہونے سے بچ گیا۔
مسٹر نیتن یاہو نے کہا کہ پائلٹ اسمت نے 174 لوگوں کی جان بچائی، جن میں اسرائیلی شہری اور دوسرے ملکوں کے شہری شامل تھے۔
