Masarrat
Masarrat Urdu

معاذ صداقت کی 112 رنز کی شاندار اننگز، جمیکا کنگزمین کی نو وکٹوں سے جیت

Thumb

کینسنگٹن اوول، 17 ستمبر (مسرت ڈاٹ کام) معاذ صداقت کی 112 رنز کی شاندار سنچری کی بدولت جمیکا کنگزمین نے ایلیمینیٹر مقابلے میں بارباڈوس ٹرائیڈنٹس کو نو وکٹوں سے شکست دے کر سی پی ایل کے کوالیفائر 2 میں جگہ بنا لی۔

صداقت کی جارحانہ اننگز نے کنگزمین کو 145 رنز کے ہدف تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے چھکے کے ساتھ کھاتہ کھولا، تاہم اس کے بعد گیند ان کے دستانے پر لگی۔ اس کے باوجود انہوں نے اپنی جارحانہ بیٹنگ جاری رکھی۔ 16 رنز پر رِوالڈو کلارک نے ان کا کیچ چھوڑ دیا، جس کے بعد ٹرائیڈنٹس کے گیندبازوں کے لیے انہیں روکنا مزید مشکل ہوگیا۔ بائیں ہاتھ کے اس بلے باز نے ریورس سوئپ اور ایک ہاتھ سے چھکے سمیت کئی عمدہ شاٹس کھیلے اور اے ایم غضنفرکی گیندوں پر مسلسل تین چھکے لگا کر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ کنگزمین نے پاور پلے میں 79 رنز بنائے، جن میں 65 رنز معاذ صداقت کے تھے۔

دوسرے سرے پر کرک میک کینزی نے 34 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 22 رنز بنائے، لیکن صداقت کی جارحانہ بیٹنگ نے ٹرائیڈنٹس کو میچ میں واپسی کا کوئی موقع نہیں دیا۔ کنگزمین نے 10ویں اوور میں ہی 100 رنز مکمل کرلیے اور صداقت نے 44 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی۔ اس کے ساتھ ہی 21 سالہ معاذ صداقت سی پی ایل میں سنچری بنانے والے سب سے کم عمر کھلاڑی بن گئے۔ 14ویں اوور میں ڈینیئل سیمز نے انہیں 112 رنز پر آؤٹ کیا، لیکن اس وقت تک کنگزمین فتح کے قریب پہنچ چکے تھے اور اگلے اوور کی پہلی ہی گیند پر ہدف حاصل کرلیا۔

اس سے قبل بارباڈوس ٹرائیڈنٹس کی شروعات انتہائی خراب رہی اور ساتویں اوور تک اس کا اسکور پانچ وکٹوں پر صرف 30 رنز تھا۔ حسن خان نے پہلے ہی اوور میں برینڈن کنگ کو بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ کردیا، جس کے بعد آندرے رسل نے زکری کارٹر اور کیولن اینڈرسن کو پویلین بھیج دیا۔ پاور پلے کے آخری اوور میں حنین شاہ نے شدرک ڈیسکارٹس کو صفر پر آؤٹ کیا، جبکہ اس کے بعد صائم ایوب نے شیرفین ردرفورڈ کو بولڈ کردیا۔

اس کے بعد کوئنٹن ڈی کوک اور کپتان کرس گرین نے 114 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹرائیڈنٹس کو مشکل صورت حال سے نکالا اور اس کا اسکور 144 رنز تک پہنچایا۔ ڈی کوک نے 34 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی، جبکہ گرین نے بھی تیزی سے رنز بنائے، جس کی بدولت آخری سات اوورز میں 71 رنز بنے۔ ڈی کوک نے 49 گیندوں پر 71 اور گرین نے 44 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 57 رنز بنائے۔

مختصر اسکور: بارباڈوس ٹرائیڈنٹس: 20 اوورز میں 144/6 (کوئنٹن ڈی کوک 71، کرس گرین ناٹ آؤٹ 57؛ آندرے رسل 2/36، حسن خان 1/16)۔

جمیکا کنگزمین: 14.1 اوورز میں 145/1 (معاذ صداقت 112، کرک میک کینزی ناٹ آؤٹ 22؛ ڈینیئل سیمز 1/26)۔

 

 

Ads