انہوں نے گزشتہ سال اکتوبر کے جنگ بندی معاہدے کے باوجود غزہ میں جاری تشدد پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور فلسطینیوں کو غزہ سے زبردستی نکالنے کی پالیسیوں کو روکنے کا اعادہ کیا۔ ہندوستان کی صدارت میں ہفتہ کے روز یہاں شروع ہونے والے دو روزہ 18ویں برکس سربراہ اجلاس میں منظور کیے گئے دہلی اعلامیے میں رکن ممالک نے مغرب ایشیا میں بڑھتی کشیدگی پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا اور تمام فریقوں سےانتہائی ضبط و تحمل کا مظاہرہ کرنے نیز صورتحال کو مزید بگاڑنے والی کارروائیوں سے بچنے کی اپیل کی۔ شہریوں اور شہری انفراسٹرکچر کی سکیورٹی کو یقینی بنانے نیز طویل مدتی امن، سکیورٹی اور استحکام کے لیے بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے کوششیں بڑھانے کی بات بھی کہی گئی۔
رکن ممالک نے شہری انفراسٹرکچر اور بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کی نگرانی والی پرامن ایٹمی تنصیبات پر حملوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلح تنازع کے دوران بھی ایٹمی سکیورٹی اور نگرانی کے قوانین پر عمل کیا جانا چاہیے، تاکہ لوگوں اور ماحول کو نقصان سے بچایا جا سکے۔ برکس ممالک نے اسرائیل-فلسطین تنازع کے مستقل حل کے لیے دو قومی نظریے کی حمایت کو دہرایا۔ انہوں نے فلسطینیوں کے حقِ خودارادیت اور واپسی کے حق کو تسلیم کرنے کی ضرورت بتائی اور اقوامِ متحدہ میں فلسطین کی مکمل رکنیت کی حمایت کی توثیق کی۔
برکس نے مقبوضہ فلسطینی علاقے سے فلسطینیوں کی عارضی یا مستقل زبردستی منتقلی اور غزہ کے جغرافیائی یا آبادیاتی ڈھانچے میں تبدیلی کی مخالفت کی۔ اس نے غزہ میں بھوک کو جنگ کے حربے کے طور پر استعمال کرنے، شہریوں اور طبی سہولیات سمیت شہری ٹھکانوں پر حملوں اور انسانی امداد روکنے کی مذمت کی۔ رکن ممالک نے فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوامِ متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (یو این آر ڈبلیو اے) کے کام کے تئیں حمایت دہرائی اور اس کے دائرۂ اختیار کا احترام کرنے پر زور دیا۔ اس نے مقبوضہ یروشلم کی قانونی اور تاریخی حیثیت کو بدلنے والے یکطرفہ اقدامات کو بھی مسترد کر دیا۔
برکس نے لبنان میں جنگ بندی کا استقبال کرتے ہوئے تمام فریقوں سے اس کی شرائط پر عمل کرنے اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 1701 کو مکمل طور پر نافذ کرنے کی اپیل کی۔ اس نے جنگ بندی کی خلاف ورزی اور لبنان کی خودمختاری نیز علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کی مذمت کی اور لبنان کے تمام علاقوں سے اسرائیلی قابض افواج کے انخلاء کا مطالبہ کیا۔
