اس سے قبل رویندر جڈیجہ اور پرسدھ کرشنا نے صبح کے سیشن میں ہندوستان کو دو کامیابیاں دلائیں، جس کے باعث لنچ تک سری لنکا کا دوسری اننگز میں اسکور چھ وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز تھا۔
آج یہاں سری لنکا نے چار وکٹوں پر 84 رنز سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ کپتان دھننجے ڈی سلوا اور سونل دینوشا نے محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے اسکور کو 156 رنز تک پہنچایا۔ 56ویں اوور کی دوسری گیند پر رویندر جڈیجہ نے دھننجے ڈی سلوا کو آؤٹ کرکے ہندوستان کو دن کی پہلی کامیابی دلائی۔ دھننجے ڈی سلوا نے 151 گیندوں پر سات چوکوں کی مدد سے 59 رنز بنائے۔ اس کے بعد 60ویں اوور کی آخری گیند پر پرسدھ کرشنا نے نئے بلے باز نیروشن ڈکویلا (10) کو وکٹ کیپر پنت کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کراکے ہندوستان کو چھٹی کامیابی دلائی۔
لنچ کے بعد مانَو سُتھار نے سنچری کی جانب بڑھ رہے سونل دینوشا کو آؤٹ کرکے سری لنکا کو بیک فٹ پر دھکیل دیا۔ سونل دینوشا نے 128 گیندوں پر آٹھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 84 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس کے بعد سُتھار نے 76ویں اوور میں پربھات جے سوریہ اور لہِرو کمارا کو کھاتہ بھی کھولنے کا موقع نہیں دیا۔ سُتھار نے 78ویں اوور کی چوتھی گیند پر کیشرا نووانتا (20) کو آؤٹ کرکے سری لنکا کی دوسری اننگز کا 206 رنز پر خاتمہ کر دیا۔
ہندوستان کی جانب سے مانَو سُتھار نے 23.4 اوورز میں 56 رنز دے کر چھ وکٹ حاصل کئے۔ پرسدھ کرشنا کو دو وکٹ ملے، جبکہ محمد سراج اور رویندر جڈیجہ نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
