پٹنہ،24جنوری (مسرت ڈاٹ کام)ریاست میں دس فروری سے ایم ڈی اے۔آئی ڈی اے کی مہم محکمہ صحت کی جانب سے شروع کی جانے والی ہے،ریاست میں فلیریا کے خاتمے کے لیے پروگرام کی کامیابی کی تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ مہم کے دوران، محکمہ صحت کے کارکنان کی ٹیمیں لوگوں کے گھر گھر جا کر فلیریا کی دوا اپنی آنکھوں کے سامنے کھلائیں گے، تاکہ فلیریا جیسی خطرناک بیماری سے ریاست کے باشندگان کو محفوظ رکھا جاسکے۔
ریاست کے ویکٹر بورن ڈیزیز کنٹرول آفیسر نے تفصیل سے بتایا کہ فلیریا کے خاتمے کی مہم کیسی چل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع سے (پرائمری ہیلتھ سینٹر) پی ایچ سی کی سطح تک ادویات کی ترسیل کی جا رہی ہے۔علاوہ ازیں مذکورہ مہم کے دوران استعمال ہونے والے تمام سامان بھی بھجوائے جا رہے ہیں۔ محکمہ صحت کے تحت کام کرنے والے تمام اہلکاروں کو اچھی طرح سے تربیت بھی دی جاچکی ہے۔ اب یہ عوام کی ذمہ داری ہے کہ جب دوا کھلانے کے لئے صحت کارکنان ان کے گھروں تک پہنچیں تو اس مہلک مرض سے نجات حاصل کرنے کے لیے دوا ضرور کھائیں۔
تین قسم کی دوائیں دی جائیں گی: ویکٹر بورن ڈیزیز کنٹرول آفیسر نے کہا کہ محکمہ صحت MDAمہم کو کامیاب بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ مہم کی کامیابی کے لیے مائیکرو پلان بنایا جا چکا ہے۔ 10فروری سے شروع ہونے والی فلیریا کے خاتمے کی مہم کے تحت لوگوں کو گھر گھر جا کر فلیریا سے بچاؤ کے لیے تین اقسام کی ادویات کھلائی جائیں گی۔ جس میں ڈی ای سی کی گولی، البینڈازول اور آئیورمیکٹین کی دوائیں شامل ہیں۔ مگر حاملہ خواتین اور سنگین بیماریوں میں مبتلا افراد کے علاوہ دو سال سے کم عمر کے بچوں کے سوائے دیگر تمام افراد کو یہ دوائیں دی جائیں گی۔
دوائیں کھانے میں کوتاہی نہ برتیں:ڈاکٹر نے بتایا کہ فلیریاایک ایسی بیماری ہے جو جسم کو کمزور اور بدصورت بنا دیتی ہے۔ یہ طویل مدتی معذوری کی سب سے بڑی وجہ ہے۔ اس بیماری کی علامات ظاہر ہونے میں 5 سے 15 سال لگ جاتے ہیں۔ اس بیماری کا کوئی علاج نہیں ہے، اس لیے بہتر ہے کہ اینٹی فلیریئل دوائیں ضرورلیں۔خیال رہے کہ اس دواکے کھانے سے کسی طرح کی کوئی پریشانی نہیں ہوتی ہے، اس لئے مذکورہ مہم کے تحت تمام لوگوں کو یہ دوا مفت دی جائے گی۔