نئی دہلی/فاربس گنج، 25نومبر (مسرت نیوز) مسلمان اس وقت تک دنیا پر حکمرانی کرتے رہے جب تک انہوں نے تعلیم کے ہتھیار کو تھامے رکھا اور جس دن انہوں نے تعلیم سے منہ موڑ لیا اس دن سے دنیا نے ان سے منہ موڑ لیا۔ یہ بات مفتی شکیل احمد قاسمی شیخ الحدیث مدرسہ اسلامیہ سردار شہر راجستھان نے جامعتہ الصالحات ننکار فاربس گنج میں منعقدہ یک روزہ سیمنار ’تعلیم ہمارے لئے ضروری کیوں؟‘کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہاکہ تعلیم کی اہمیت جب تک ہم واقف نہیں ہوں گے اور اس زیور سے آراستہ نہیں ہوں گے اس وقت تک ہماری ترقی ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ آج مسلمان مالی حیثیت سے کسی قدر ترقی کررہے ہیں لیکن تعلیم کے میدان میں اپنے ہم وطن سے پیچھے ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم تعلیم کو مضبوطی سے پکڑیں اور تمام چیزوں پر ترجیح دیں۔
پروگرام کے کنوینر اور مہتمم جامعۃ الصالحات ننکار،مفتی عبدالرشید قاسمی نے کہاکہ جامعتہ الصالحت قائم کرکے نسواں میں تعلیم کا چراغ روشن کرنے کی کوشش کی ہے۔انہوں نے کہاکہ دینی تعلیم کے ساتھ معیاری عصری تعلیم اس ادارے کا مقصد ہے اور اس سمت کامیابی کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا معاشرہ اس لئے پیچھے ہے کیوں کہ ہم تعلیم پر کوئی توجہ نہیں دی اورخاص طور پر لڑکیوں کی تعلیم پر تو بالکل توجہ نہیں دی جس کی وجہ یہ علاقہ پسماندہ ترین علاقوں میں شمار ہوتا ہے۔
دہلی سے آنے والے یو این آئی کے صحافی اور کالم نگار عابد انور نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے کہاکہ تعلیم کے ساتھ تربیت کی بھی اتنی ہی اہمیت ہے۔ آج کسی قدر تعلیم تو حاصل کرلیتے ہیں لیکن تربیت نہ ہونے کی وجہ سے وہ تعلیم ان کے لئے اور سماج کے لئے سود مند نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہاکہ آج وہی قوم دنیا پر حکومت کر رہی ہے جس کے پاس تعلیم ہے، تکنالوجی ہے اور ہنر مندی ہے۔ انہوں نے کہاکہ علاقے میں تعلیمی لہر دوڑانے کی ضرورت ہے، تعلیم کے تئیں لوگوں میں سوچ پیدا کرنے کی ضرورت ہے،یہ بتانے کی ضرورت ہے کہ تعلیم کے بغیر وہ کہیں نہیں کھڑے رہ سکتے۔
دوبئی سے تشریف لانے والے مولانا اخلاق الرحمان ندوی نے طلباء سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ آپ کے پاس اس وقت تعلیم حاصل کرنے کا وقت ہے، کل نہیں ہوگا، آپ کو طے کرنا ہے کہ آپ کو کیا بننا ہے، یہ وقت تعلیم میں صرف کرنا ہے یا لہو لعب میں۔ انہوں نے کہاکہ وہی لوگ کامیابی حاصل کرتے ہیں جو تعلیم کو اوڑھنا بچھونا بنالیتے ہیں۔ آپ کے پاس وقت ہے اور اپنی محنت سے زندگی کے ہر میدان میں اپنی کامیابی کا جھنڈا گاڑ سکتے ہیں۔انہوں نے مقصد کے تعین کو لازمی قرار دیتے ہوئے کہا کہ طلبہ کو مقصد متعین کرنا ہوگا اور یہ طے کرنا ہوگا وہ کیا بننا چاہتے ہیں۔
مولانا آس محمد ڈاریکٹر نیو کریٹبل اسکول رامپور،نے طلبہ کو ترغیب دلاتے ہوئے کہاکہ کسی کو کوئی چیز آسانی سے نہیں ملتی ہے بلکہ اس کے لئے رات کی نیند، دن کا چین و سکون کو کھونا پڑتا ہے، معیار تعلیم ہی آپ کو کسی مقام پر کھڑا کرسکے گااس لئے اپنا وقت تعلیم کے لئے وقف کردیں۔مولانا سہراب مظاہری شاہین باغ دہلی نے اس موقع پر کہا کہ تمام اصحاب فکر کو معیاری تعلیم کے لئے سرجوڑ کر بیٹھنا چاہئے اور اپنے وسائل کو تعلیم پر بھی خرچ کرنا چاہئے۔
ماسٹر عمر چیرمین جامعہ خیر النسا یتیم خانہ فقرنہ نے ادارے چلانے والوں کو متحد ہوکر اور ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ جب تک ہم ایک ساتھ نہیں ہوں گے اس وقت تک ہمیں تعلیم کے میدان میں کامیابی نہیں ملے گی۔ اس کے علاوہ حافظ افروز سیتامڑھی،مولانا ساجد مظاہری وغیرہ نے بھی خطاب کیا۔