Masarrat
Masarrat Urdu

لاہور ٹی ٹوئنٹی: پاکستان کا فاتحانہ آغاز، آسٹریلیا کو پہلے معرکے میں 22 رنز سے شکست

Thumb

لاہور،29 جنوری(مسرت ڈاٹ کام) قذافی اسٹیڈیم لاہورمیں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 22 رنز سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ پاکستان کے 169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیائی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 146 رنز ہی بنا سکی۔

کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا دلیرانہ فیصلہ کیا۔ اگرچہ صاحبزادہ فرحان پہلی ہی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، مگر پاکستانی ٹیم نے دباؤ لینے کے بجائے جارحانہ کھیل جاری رکھا۔

صائم ایوب نے40 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر ٹیم کو مستحکم آغاز فراہم کیا۔سلمان علی آغا نے ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہوئے 39 رنز جوڑے۔سابق کپتان بابر اعظم نے 24 رنز کی مختصر مگر اہم اننگز کھیلی۔فخر زمان 10، عثمان خان 18، شاداب ایک اور شاہین صفر پر آؤٹ ہوئے۔ محمد نواز 15 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان نے ابتدائی 10 اوورز میں 92 رنز بنا لیے تھے، تاہم آسٹریلیائی اسپنر ایڈم زیمپا نے 4 وکٹیں لے کر رنز کی رفتار کو کچھ لگام ڈالی اور پاکستان کو 168 تک محدود رکھا۔169 رنز کے تعاقب میں آسٹریلیائی بیٹنگ لائن شروع سے ہی دباؤ کا شکار رہی۔ کینگروز کی پہلی وکٹ 21 اور دوسری 28 رنز پر گر گئی۔ ایک موقع پر ٹیم کا اسکور 80 رنز پر 5 وکٹیں ہو گیا تھا۔

آسٹریلیائی بلے بازوں کی باہمی غلط فہمی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستانی فیلڈرز نے میتھیو رنشا اور مچل اون کو رن آؤٹ کر کے میچ پر گرفت مضبوط کر لی۔ آسٹریلیا کی پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز تک پہنچنے میں کامیاب ہو سکی۔پاکستان کی جانب سے بولرز نے نپی تلی بولنگ کا مظاہرہ کیا۔صائم ایوب اور ابرار احمد: نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔شاداب خان اور محمد نواز کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

 

Ads