Masarrat
Masarrat Urdu

ایران کے علی لاریجانی کی ممبئی میں ڈپٹی نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر پون کپورسے ملاقات

Thumb

ممبئی، 29 جنوری (مسرت ڈاٹ کام) ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری علی لاریجانی نے ممبئی میں ہندستان کے ڈپٹی نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر پون کپور سے بات چیت کی۔ یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ایران اور امریکہ کے درمیان تعطل کا شکار جوہری مذاکرات کے باعث کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

ممبئی میں ایرانی قونصل خانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ملاقات کی جانکاری شیئر کرتے ہوئے کہا، ’’ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سکریٹری علی لاریجانی نے جمہوریہ ہند کے ڈپٹی نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر پون کپور سے ملاقات اور بات چیت کی۔‘‘

عہدیداروں کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال ہوا، تاہم ایجنڈے یا بات چیت کے نتائج سے متعلق فوری طور پر مزید تفصیلات دستیاب نہیں ہو سکیں۔

یہ ملاقات ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف سخت مؤقف دہراتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی ایک آرماڈا (بحری بیڑا) ایران کی جانب بڑھ رہی ہے، تاہم انہوں نے امید ظاہر کی کہ اسے استعمال کرنے کی نوبت نہیں آئے گی۔

علی لاریجانی، جو ایران کے سینئر سیاست دان اور سابق اسپیکر پارلیمنٹ رہ چکے ہیں، کو اگست 2025 میں وسیع تر سکیورٹی قیادت میں رد و بدل کے تحت سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔ پون کپور، جو ہندستان کے سینئر سفارت کار اور روس میں سابق سفیر رہ چکے ہیں، جولائی 2024 سے ڈپٹی نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر کے عہدے پر فائز ہیں۔

’’آرمادا‘‘ سے مراد یہ ہے کہ امریکی افواج مشرقِ وسطیٰ میں کئی روزہ فضائی مشقیں انجام دینے جا رہی ہیں۔ ایران کے مطابق تہران اور واشنگٹن کے درمیان ثالثی کی کوششیں جاری ہیں، جیسا کہ سرکاری خبر رساں ایجنسی تسنیم نے اطلاع دی ہے۔

دریں اثنا، ایران میں حکومت مخالف مظاہروں کے دوران ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ ٹرمپ نے مظاہرین کی ہلاکتوں پر تہران حکومت کے خلاف جوابی کارروائی کی وارننگ دی ہے۔

امریکہ میں قائم ہیومن رائٹس ایکٹیوسٹس نیوز ایجنسی (ایچ آر اے این اے) کے مطابق دسمبر کے آخر میں شروع ہونے والے حکومت مخالف مظاہروں کے بعد سے اب تک ایران میں کم از کم 5,858 مظاہرین ہلاک ہو چکے ہیں۔

ایجنسی کے مطابق ہلاک شدگان میں 18 سال سے کم عمر کے 100 بچے بھی شامل ہیں۔ ایچ آر اے این اے نے یہ بھی بتایا کہ 11,017 افراد شدید زخمی ہوئے ہیں اور اب تک 42,324 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ یہ اعداد و شمار ان کیسز پر مبنی ہیں جن کی شناخت اور تصدیق ایجنسی نے کی ہے۔

تاہم ایرانی حکومت نے ہلاکتوں کے سرکاری اعداد و شمار کہیں کم بتائے ہیں، جبکہ انٹرنیٹ کی بندش کے باعث بیرونی تصدیق میں بھی مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

ایران کی وزارتِ خارجہ نے اس ہفتے کے اوائل میں کہا کہ مظاہروں کے دوران کم از کم 3,117 افراد ہلاک ہوئے، جن میں 2,427 ’’عام شہری‘‘ اور سکیورٹی اہلکار شامل ہیں، جبکہ 690 افراد کو ’’دہشت گرد‘‘ قرار دیا گیا ہے۔ وزارت نے شہری اور سرکاری انفراسٹرکچر کو بڑے پیمانے پر پہنچنے والے نقصان کا بھی ذکر کیا۔

بدھ کی صبح صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر ایک بار پھر ایران کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر ایران نے ’’منصفانہ‘‘ جوہری معاہدے پر بات چیت نہ کی تو اسے ممکنہ امریکی فوجی حملے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ایران میں معاشی مسائل اور مہنگائی کے خلاف شروع ہونے والے احتجاج اب اسلامی جمہوریہ ایران کے قیام 1979 کے بعد سے اس کے وجود کے لیے سب سے بڑا چیلنج بنتے جا رہے ہیں۔

 

Ads