Masarrat
Masarrat Urdu

طیارہ حادثے میں اجیت پوار کی موت پر صدر سمیت متعدد اہم شخصیات کا اظہار تعزیت

Thumb

نئی دہلی، 28 جنوری (مسرت ڈاٹ کام) مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی طیارہ حادثے میں موت پر صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو، وزیر اعظم نریندر مودی، حزبِ اختلاف کے لیڈر ملکارجن کھرگے سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور دیگر معزز شخصیات نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

صدر مرمو نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ اجیت پوار کا اچانک انتقال ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں خاص طور پر مہاراشٹر کی ترقی اور کوآپریٹو شعبے میں اجیت پوار کے نمایاں رول کو یاد کیا۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ ریاست کی ترقی کے لیے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے لکھا کہ 'انہیں مہاراشٹر کی ترقی، خصوصاً کوآپریٹو کے شعبے میں ان کے خصوصی تعاون کے لیے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ میں ان کے اہلِ خانہ، حامیوں اور مداحوں کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتی ہوں۔ ایشور اس حادثے میں جاں بحق ہونے والے دیگر تمام افراد کے خاندانوں کو بھی اس صدمے کو برداشت کرنے کی ہمت عطا کرے۔''

وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ وہ بارامتی میں پیش آئے اس المناک ہوائی حادثے سے بے حد دکھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ہمدردیاں ان تمام خاندانوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اس حادثے میں اپنے پیاروں کو کھو دیا۔ انہوں نے ایشور سے پرارتھنا کی کہ وہ غمزدہ خاندانوں کو اس ناقابلِ بیان دکھ کی گھڑی میں صبر اور حوصلہ عطا فرمائے۔

اجیت پوار کو یاد کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ وہ عوامی رہنما تھے جن کا زمینی سطح پر عوام سے گہرا تعلق تھا۔ وہ مہاراشٹر کے عوام کی خدمت میں ہمیشہ پیش پیش رہنے والی ایک محنتی قابلِ احترام شخصیت تھے۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ انتظامی امور پر ان کی گہری گرفت اور غریبوں و محروم طبقات کو بااختیار بنانے کا ان کا جذبہ قابلِ ستائش تھا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اجیت پوار کا اس طرح اچانک رخصت ہو جانا کافی افسوسناک ہے۔ انہوں نے آنجہانی کے اہلِ خانہ اور ان کے بے شمار چاہنے والوں کے لیے گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا "اوم شانتی۔"

لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ ''مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار اور دیگر کی طیارہ حادثہ میں ناگہانی موت انتہائی افسوسناک ہے۔ اپنے طویل سیاسی کیرئیر میں انہیں کوآپریشن سے عوامی فلاح و بہبود اور ریاست کی ترقی کے لیے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔''

انہوں نے کہا کہ ''ایشورسے پرارتھنا ہے کہ آنجہانی آتماؤوں کو اپنے قدموں میں جگہ دے، پسماندگان اور حامیوں کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے۔''

امور داخلہ کے مرکزی وزیرِ امت شاہ نے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے صدر اجیت پوار کی طیارہ حادثے میں موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ مسٹر شاہ نے اس حادثے کو قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کے خاندان کے ساتھ اپنا ذاتی نقصان قرار دیا ہے۔

مسٹر شاہ نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے تعزیتی پیغام میں لکھا کہ''اجیت پوار جی نے گزشتہ ساڑھے تین دہائیوں کے دوران جس طرح مہاراشٹر کے ہر طبقے کی فلاح و بہبود کے لیے خود کو وقف کیا، اسے الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔ جب بھی ان سے ملاقات ہوتی تھی، وہ مہاراشٹر کے عوام کی فلاح سے متعلق کئی موضوعات پر طویل گفتگو کرتے تھے۔ ان کی موت این ڈی اے خاندان کے لیے ہی نہیں بلکہ میرے لیے بھی ذاتی نقصان ہے۔''

وزیر داخلہ نے سوگوار پوار خاندان کے تئیں دلی تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ اس دکھ کی گھڑی میں پورا این ڈی اے خاندان مضبوطی سے ان کے ساتھ ہے۔ انہوں نے آنجہانی کی روح کے سکون کے لیے ایشور سے پرارتھنا کی۔

کانگریس صدر ملیکارجن کھرگے نے اجیت پوار کے طیارہ حادثے میں اچانک انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی پیغام میں مسٹر کھرگے نے کہا کہ اس مشکل وقت میں غمزدہ خاندان جس درد سے گزر رہا ہے اسے الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے پوار خاندان کے ساتھ ساتھ ان کے حامیوں اور خیرخواہوں کے تئیں بھی اپنی گہری تعزیت کا اظہار کیا۔کانگریس صدر نے کہا کہ مہاراشٹر کے عوام کی خدمت کرتے ہوئے مختلف آئینی عہدوں پر کام کرنے والے اجیت پوار کو ایک ماہر سیاستدان کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، جنہوں نے اپنی ذمہ داریوں کی انجام دہی پوری نیک نیتی اور ایمانداری کے ساتھ کی۔ انہوں نے آنجہانی کی روح کے سکون کے لیے ایشور سے پرارتھنا کی۔

لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر مسٹر اجیت پوار کی افسوسناک موت پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ مسٹر اجیت پوار جی اور ان کے ساتھ طیارے میں سوار لوگوں کی موت کی خبر نہایت دلخراش ہے۔

انہوں نے کہا کہ "اس غم کی گھڑی میں میں مہاراشٹر کے عوام کے ساتھ شریک ہوں۔ پوار خاندان اور تمام عزیزوں سے اس مشکل وقت میں دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔"

مرکزی وزیر اور سینئر بی جے پی رہنما نتن گڈکری نےاجیت پوار کی اچانک موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اسے نہ صرف ریاست بلکہ پورے ملک کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا۔ اپنے تعزیتی پیغام میں گڈکری نے کہا کہ یہ خبر ان کے لیے نہایت افسوسناک اور دل دہلا دینے والی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مہاراشٹر اسمبلی میں اجیت پوار کے ساتھ طویل عرصے تک کام کرنے کے دوران انہیں ان کی انتظامی صلاحیتوں اور عوام سے مضبوط رابطے کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملا۔

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی اور ترنمول کانگریس کے قومی جنرل سیکریٹری ابھیشیک بنرجی نے مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے بارامتی کے قریب طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

محترمہ بنرجی نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ وہ اجیت پوار کی موت سے "ساکت اور حیران" رہ گئی ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ اس نقصان سے انہیں شدید صدمہ پہنچا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کی دلی ہمدردیاں پوار خاندان، ان کے چاچا اور قد آور سیاست دان شرد پوار کے ساتھ ساتھ ان کے دوستوں اور حامیوں کے ساتھ ہیں۔

ابھیشیک بنرجی نے بھی اجیت پوار کی طیارہ حادثے میں موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اجیت پوار کے اہلِ خانہ، ساتھیوں اور رفقا کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا اور اس حادثے میں جان گنوانے والے دیگر افراد کے خاندانوں کے ساتھ بھی اظہار ہمدردی کیا۔

انہوں نے ایشور سے پرارتھنا کی کہ وہ اس مشکل غم کی گھڑی میں تمام سوگوار خاندانوں کو صبر اور سکون عطا کرے۔

شیو سینا (یو بی ٹی) کے ایم پی سنجے راؤت نے اجیت پوار کی طیارہ حادثہ میں موت کو ''مہاراشٹر کی سماجی زندگی اور سیاست کے لیے بڑا نقصان'' قرار دیا۔ مسٹر راؤت نے کہا کہ ابتدائی طور پر حادثے کی خبر سن کر پوار کی صحت و سلامتی کے لیے دعائیں کی گئیں، لیکن ان کی موت کی تصدیق ایک تباہ کن دھچکا تھی۔

مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیوینڈر فڑنویس نے اپنے ساتھی کی موت پر گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے اسے ریاست کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیا ہے۔ اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ اس حادثے سے پورے ریاست میں غم کا ماحول ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان جیسے رہنما کا بچھڑ جانا مہاراشٹر کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔

مسٹر فڑنویس نے مسٹر پوار کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ذاتی زندگی میں وہ ایک اچھے دوست تھے اور دونوں نے مل کر کئی چیلنجوں کا سامنا کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں جب مسٹر پوار مہاراشٹر کی ترقی میں اہم رول ادا کر رہے تھے، ان کا اس غیر متوقع طور پر چلے جانا بہت بڑا نقصان ہے۔

مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے اپنے کابینہ ساتھی اجیت پوار کو ''سیدھا سادہ رہنما'' قرار دیتے ہوئے آج صبح طیارہ حادثے میں ان کی موت پر تعزیت کی۔ مسٹر شندے نے کہا'' وہ ایک سیدھے سادے رہنما تھے جن کی انتظامیہ پر مضبوط گرفت تھی۔ وہ فیصلہ سازی کے ہر پہلو کا مطالعہ بغور کیا کرتے تھے۔ وہ بے خوف رہنما تھے۔ مجھے خود اس کا تجربہ ہے۔ میں نے کابینہ میں وزیر اعلیٰ اور اب نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر ان کے ساتھ کام کیا ہے،''

اتراکھنڈ کے وزیر اعلی پشکر سنگھ دھامی نے اجیت پوار کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ اپنے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ تاحیات عوامی خدمت کے لیے وقف، مقبول عوامی لیڈر، مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی طیارہ حادثہ میں انتقال کی خبر انتہائی افسوسناک ہے۔

مسٹر دھامی نے کہا کہ مسٹر پوار نے سماج کے آخری فرد کے مفادات کے لئے ہمیشہ ہمدردی اور عزم کے ساتھ کام کیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے حادثہ میں جاں بحق تمام لوگوں کے لیے دعا کی اور سوگوار خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا۔

اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار اور دیگر افراد کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے جاں بحق افراد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں ان کی دعائیں اور ہمدردیاں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ بارامتی، مہاراشٹر میں پیش آئے افسوسناک طیارہ حادثے میں نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار اور دیگر افراد کی ناگہانی موت نہایت دل دہلا دینے والی ہے۔ انہوں نے مرحومین کی روحوں کی تسکین اور لواحقین کے لیے صبر کی دعا کی۔

سماج وادی پارٹی (ایس پی)صدر اکھلیش یادو نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی طیارہ حادثے میں موت انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے مرحوم کی روح کی تسکین اور اہل خانہ کے لیے تعزیت کا اظہار کیا۔

بی ایس پی سپریمومایاوتی نے اپنے بیان میں کہا کہ آج بارامتی میں طیارہ حادثے میں مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی(این سی پی) کے سرکردہ رہنما اجیت پوار کی موت نہایت دلخراش ہے۔ انہوں نے مرحوم کے اہل خانہ اور پارٹی کارکنان سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئےانہیں یہ عظیم صدمہ برداشت کرنے کی طاقت دینے کی پرارتھنا کی۔

Ads