Masarrat
Masarrat Urdu

دہلی کیپیٹلز ویمن نے آر سی بی کو سات وکٹوں سے شکست دی

Thumb

دہلی کیپیٹلز ویمن نے آر سی بی کو سات وکٹوں سے شکست دی

وڈودرا، 24 جنوری (مسرت ڈاٹ کام) نندنی شرما (تین وکٹیں) کی قیادت میں گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کے بعد لورا وولفارٹ (ناٹ آؤٹ 42) کی عمدہ اننگز کی بدولت دہلی کیپیٹلز ویمن ٹیم نے ہفتہ کے روز ویمنز پریمیئر لیگ (ڈبلیو پی ایل) کے 15ویں میچ میں رائل چیلنجرز بنگلورو (آر سی بی) کو 26 گیندیں باقی رہتے سات وکٹوں سے شکست دے دی۔ اس فتح کے ساتھ دہلی کیپیٹلز پوائنٹس ٹیبل میں دوسرے مقام پر پہنچ گئی ہے۔

110 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اتری دہلی کیپیٹلز ویمن کی شروعات اچھی نہ رہی اور اس نے 24 کے اسکور تک اپنے دو وکٹ گنوا دیے۔ شیفالی ورما آٹھ گیندوں پر 16 رنز اور لیزیل لی چھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ دونوں بلے بازوں کو سیالی ساتگھڑے نے آؤٹ کیا۔ اس کے بعد کپتان جمیمہ روڈریگز نے لورا وولفارٹ کے ساتھ اننگز کو سنبھالا اور رنز بھی بٹورے۔ 12ویں اوور میں رادھا یادو نے جمیمہ روڈریگز (24) کو آؤٹ کر کے پویلین بھیج دیا۔ 16ویں اوور کی چوتھی گیند پر ماریزان کیپ نے چوکا لگا کر دہلی کیپیٹلز کو فتح دلا دی۔ دہلی کیپیٹلز نے 15.4 اوورز میں تین وکٹ پر 111 رنز بنا کر مقابلہ سات وکٹوں سے اپنے نام کیا۔ لورا وولفارٹ نے 38 گیندوں پر چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناٹ آؤٹ 42 رنز بنائے، جبکہ ماریزان کیپ نے 15 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 19 رنز اسکور کیے۔

اس سے قبل آج یہاں دہلی کیپیٹلز ویمن ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کے لیے اتری رائل چیلنجرز بنگلورو، دہلی کیپیٹلز کی منظم گیند بازی کے سامنے مقررہ 20 اوورز میں محض 109 رنز ہی بنا سکی۔ کپتان اسمرتی مندھانا نے ٹیم کے لیے 34 گیندوں پر سب سے زیادہ 38 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس کے علاوہ رادھا یادو نے 17 گیندوں پر 18 رنز بنائے جبکہ جارجیا وول 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ باقی آٹھ بلے باز دہائی کے ہندسے تک بھی نہ پہنچ سکیں۔

دہلی کیپیٹلز کی جانب سے نندنی شرما نے تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ شنیل ہنری، ماریزان کیپ اور منّو مانی کو دو، دو وکٹیں ملیں۔ شریچَرَنی نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

 

 

Ads