Masarrat
Masarrat Urdu

محدود حملہ بھی جنگ تصور کیا جائے گا: ایران کی امریکہ اور اسرائیل کو وارننگ

  • 24 Jan 2026
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

محدود حملہ بھی جنگ تصور کیا جائے گا: ایران کی امریکہ اور اسرائیل کو وارننگ

تہران۔ 24 جنوری (مسرت ڈاٹ کام) ایران کی جانب سے امریکہ اور اسرائیل کو سخت پیغام دیتے ہوئے واضح کیا گیا ہے کہ اس کی سرزمین پر کسی بھی نوعیت کا حملہ چاہے وہ محدود ہو یا سرجیکل نوعیت کا ہو، اسے مکمل جنگ تصور کیا جائے گا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ امریکی فوجی نقل و حرکت کے پیش نظر ملک بھر میں ہائی الرٹ نافذ ہے اور بدترین صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوج مکمل طور پر تیار ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ کسی بھی قسم کی جارحیت برداشت نہیں کی جائے گی اور فوری اور سخت جواب دیا جائے گا۔

گزشتہ روز ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے چیف کمانڈر جنرل محمد پاکپور نے بھی اپنے بیان میں امریکہ اور اسرائیل کو کسی بھی ممکنہ مہم جوئی سے باز رہنے کی سخت وارننگ دی تھی۔ انہوں نے اپنے پیغام میں واضح طور پر کہا تھا کہ ایرانی افواج مکمل طور پر الرٹ ہیں اور سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے احکامات پر فوری عمل کے لیے تیار ہیں۔

جنرل پاکپور کا کہنا تھا کہ ایران کی مسلح افواج کی انگلیاں ٹریگر پر ہیں اور کسی بھی خطرے کی صورت میں بغیر تاخیر کے جواب دیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران نے اپنے دفاعی نظام اور قومی سلامتی کو پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط بنا لیا ہے۔

انہوں نے امریکہ اور اسرائیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ دشمنوں کو گزشتہ بارہ روزہ جنگ سے سبق سیکھنا چاہیے تاکہ مستقبل میں مزید سنگین اور دردناک نتائج سے بچا جا سکے۔

ایرانی کمانڈر نے واضح کیا تھا کہ اگر ایران پر کسی بھی قسم کا حملہ کیا گیا تو اس کا جواب انتہائی سخت اور تباہ کن ہوگا۔

 

Ads