غزہ، 6نومبر (مسرت ڈاٹ کام) صہیونی فوج نے غزہ کے مشرقی علاقوں پر مسلسل حملے کرتے ہوئے متعدد فلسطینی مکانات کو تباہ کر دیا، جبکہ خان یونس اور النصیرات بھی شدید گولہ باری کی زد میں آئے۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسرائیلی قابض فوج نے غزہ کی پٹی پر فضائی اور توپخانے سے حملے جاری رکھتے ہوئے مشرقی غزہ میں فلسطینی شہریوں کے گھروں کو مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے۔
خبر رساں ادارے شهاب کے مطابق، غاصب اسرائیلی توپخانے نے گزشتہ شب اور آج صبح مشرقی خان یونس کے علاقوں کو نشانہ بنایا، جبکہ ان حملوں کے ساتھ ساتھ فضائی بمباری بھی کی گئی۔
صہیونی فوجی دستوں نے مشرقی غزہ شہر میں فلسطینی گھروں کو دھماکوں سے اڑا دیا اور تباہی پھیلائی، جبکہ صہیونی جنگی گاڑیوں نے النصیرات کے وسطی علاقے کی جانب بھی فائرنگ کی۔
اسی طرح، غزہ شہر کے التفاح محلے کے مشرقی حصے میں بھی قابض اسرائیلی فوج نے متعدد فلسطینی مکانات کو منہدم کر دیا، جس سے شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
