Masarrat
Masarrat Urdu

امریکہ اور یورپ اعتماد سازی کے لئے اقدامات کریں، صدر پزشکیان کی صدر میکرون سے ٹیلفونک گفتگو

  • 06 Nov 2025
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

تہران، 6 نومبر (مسرت ڈاٹ کام) ایرانی صدر نے فرانسیسی ہم منصب سے ٹیلفونک گفتگو کے دوران یکطرفہ مطالبات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور یورپی ممالک اعتماد سازی کے لئے اقدامات کریں۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے فرانسیسی ہم منصب ایمانوئل مکرون سے ٹیلیفونک گفتگو میں کہا ہے کہ ایران ہمیشہ مذاکرات اور تعمیری روابط کا حامی رہا ہے، مگر اب وقت آگیا ہے کہ امریکہ اور یورپی ممالک اپنی صداقت ثابت کریں اور اسلامی جمہوریہ ایران کا اعتماد حاصل کریں۔

تفصیلات کے مطابق، صدر میکرون نے صدر پزشکیان سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور سابقہ ملاقاتوں میں طے شدہ امور پر عملی اقدامات اٹھانے پر ایرانی صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایران اور مغربی ممالک کے درمیان ایک نیا مذاکراتی فریم ورک تشکیل دینے کی کوشش کریں گے تاکہ شفافیت اور اعتمادسازی کے ذریعے باہمی تعلقات کو فروغ دیا جاسکے۔

صدر میکرون نے اس بات پر زور دیا کہ مذاکرات کا تسلسل ضروری ہے تاکہ پابندیوں کے خاتمے کے ساتھ ساتھ دوطرفہ روابط کو بہتر اور وسیع کیا جاسکے۔

صدر پزشکیان نے فرانسیسی ہم منصب کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایران نے ہمیشہ بات چیت کا خیرمقدم کیا ہے، لیکن اب مغربی فریق کو اعتمادسازی کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران کو اپنی صداقت ثابت کرنے کی ضرورت نہیں، بلکہ امریکہ اور یورپ کو چاہیے کہ وہ اپنے وعدوں پر عمل کر کے ایران کا اعتماد حاصل کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوری ایران نے بارہا اعلان کیا ہے کہ وہ رہبر معظم انقلاب اسلامی کے فتوے اور اپنے دفاعی و سلامتی نظریے کی بنیاد پر جوہری ہتھیاروں کے حصول کا خواہاں نہیں ہے، لیکن اس کے باوجود ایران کو جھوٹے الزامات کی بنیاد پر پابندیوں اور دباؤ کا سامنا ہے۔

صدر پزشکیان نے واضح کیا کہ جہاں بات چیت اور منطق سے مسائل حل کیے جاسکتے ہیں، وہاں طاقت اور دھمکیوں کا استعمال نہ صرف غیر مؤثر ہے بلکہ اختلافات کو مزید بڑھاوا دیتا ہے۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ سفارتی روابط کو مزید مستحکم کیا جائے اور آئندہ مذاکرات میں باہمی احترام اور مساوات کو بنیاد بنایا جائے تاکہ خطے میں امن و استحکام کو فروغ دیا جاسکے۔

Ads