تہران، 6 نومبر (مسرت ڈاٹ کام) عباس عراقچی نے کہا کہ امریکہ ہمیشہ میزائل اور علاقائی امور کو مذاکرات میں شامل کرنے کی کوشش کرتا ہے مگر ایران کا مؤقف واضح ہے کہ بات چیت صرف ایٹمی معاملات تک محدود رہے گی۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ اگر امریکہ کے ساتھ کبھی مذاکرات ہوئے تو وہ علاقائی اور میزائل امور پر کوئی بات نہیں ہوگی۔ صرف اور صرف ایٹمی معاملات پر ہوں گے۔
کابینہ اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران اور عمان کے درمیان مذاکرات ہر چھ ماہ بعد باری باری تہران اور مسقط میں ہوتے ہیں۔
عراقچی نے کہا کہ امریکہ ہمیشہ میزائل اور علاقائی مسائل کو مذاکرات میں شامل کرنے کی کوشش کرتا رہا ہے لیکن ایران کا مؤقف شفاف اور دوٹوک ہے کہ اگر کوئی بات چیت ہوگی تو وہ صرف ایٹمی معاملات پر ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ دو فرانسیسی شہری جو ایران میں جاسوسی کے الزام میں سزا کاٹ رہے تھے، عدلیہ نے انہیں اسلامی رحمدلی کے تحت ضمانت پر رہا کر دیا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ایرانی خاتون اسفندیاری اس وقت فرانس میں آزاد ہیں اور ایران کے سفارت خانے میں موجود ہیں۔ ان کے عدالتی مراحل مکمل ہونے کے بعد وہ وطن واپس آجائیں گی۔
