تہران، 28 اکتوبر (مسرت ڈاٹ کام) ایرانی صدر نے اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد کی ضرورت اور غزہ کے مظلوم عوام کی حمایت پر زور دیتے ہوئے عمان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے عمان کے وزیر داخلہ سید حمود بن فیصل البوسعیدی سے ملاقات کے دوران ایران اور عمان کے دیرینہ، برادرانہ اور خوشگوار تعلقات کو خطے میں استحکام کا ضامن قرار دیا اور کہا کہ دونوں ممالک نے ہر طرح کے حالات میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔
انہوں نے عمان کی ثالثی کی کوششوں اور تہران و واشنگٹن کے درمیان مذاکرات کی میزبانی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ عمانی قیادت کی دانشمندانہ اور امن پسند سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔ غزہ کے مظلوم عوام کی حمایت میں عمان کا واضح مؤقف اسلامی اور انسانی جذبے کا مظہر ہے۔
صدر ایران نے امت مسلمہ کے اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر تمام اسلامی ممالک غزہ کے عوام کی اسی جذبے سے حمایت کرتے تو آج خطے میں افسوسناک حالات نہ ہوتے۔
ملاقات کے دوران عمانی وزیر داخلہ نے ایران کے دورے اور صدر سے ملاقات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات تاریخی، مخلص اور خصوصی نوعیت کے ہیں۔
انہوں نے صدر پزشکیان کی اسلامی ممالک سے تعلقات مضبوط کرنے کی پالیسی کو سراہا اور کہا کہ عمان بھی اسی جذبے سے ایران کے ساتھ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
