Masarrat
Masarrat Urdu

بی جے پی حکومت میں دہلی کی امن و امان کی صورتحال بدتر : سنجیو جھا

Thumb

نئی دہلی، 9 اگست (مسرت ڈاٹ کام ) عام آدمی پارٹی نے قومی راجدھانی  دہلی میں بڑھتے ہوئے  جرائم کے  واقعات  کے تعلق  سے  بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت پر شدید حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی کی چار انجن والی حکومت میں دہلی میں امن و امان کی صورتحال  بد سے بدتر ہوتی  جا رہی  ہے اور آئے روز ہونے والی منشیات، ڈکیتی اور قتل کی وارداتوں کا کوئی نوٹس لینے والا نہیں ہے۔

عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی سنجیو جھا نے آج ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ دہلی میں امن و امان کی صورتحال ابتر ہو گئی ہے۔ آئے روز قتل و غارت گری کے واقعات کہیں نہ کہیں ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کراول نگر میں قتل کا واقعہ پیش آیا ہے۔ اسی طرح ہم ہر روز پوری دہلی میں کہیں نہ کہیں قتل اور ڈکیتی جیسے سنگین مجرمانہ واقعات کے بارے میں سنتے ہیں۔ جنگ پورہ میں رہنے والی بالی ووڈ اداکارہ کے بھائی کو قتل کر دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم مسلسل اسمبلی اجلاس میں دہلی میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر بحث کا مطالبہ کر رہے تھے۔ پانچ روزہ مانسون اجلاس میں ایک بار بھی دہلی کے لوگوں سے جڑے مسائل پر بات نہیں ہوئی۔ بی جے پی حکومت نے پانچ روزہ اجلاس میں صرف سیاسی پروپیگنڈہ کرکے وقت ضائع کیا۔ اس کی وجہ سے دہلی کے لوگ  خود کو ٹھگا محسوس کر رہے ہیں۔ اس دوران  عام آدمی  پارٹی کے لیڈر کلدیپ کمار نے کہا کہ جب سے دہلی میں بی جے پی کی چار انجن والی حکومت اقتدار میں  آئی ہے، دہلی والوں کو  یک بعد دیگرے  آفت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ملک کی راجدھانی کی حفاظت کی ذمہ داری مرکزی حکومت کی ہے اور اب دہلی میں بھی بی جے پی کی حکومت ہے۔ اس کے باوجود آج دہلی مجرموں کی آماجگاہ بن چکی ہے۔ دارالحکومت کے لوگوں میں خوف کا ماحول ہے۔ 7 اگست کو دن کی روشنی  میں  شکر پور کے علاقے میں ایک شخص نے سڑک پر ایک نوجوان خاتون کا پیچھے سے گلا  دبا  کر اسے کار کی آڑ میں لے جا کر اس کی بالیاں اور چین چھین لیتا ہے ۔ نوجوان خاتون موقع پر ہی بے ہوش ہو گئی۔ پیچھے سے ایک موٹرسائیکل آئی اور دونوں افراد اس پر بیٹھ کر فرار ہوگئے۔ یہ آج دہلی میں لاء اینڈ آرڈر کی حالت ہے۔ جب ہماری بہنیں اور بیٹیاں اسکول یا کام پر جاتی ہیں تو ان کے دل میں یہ خوف ہوتا ہے کہ کہیں کوئی ان کا گلا نہ دبا  دے۔ دہلی میں مجرم بے خوف گھوم رہے ہیں۔ مجرموں کو پولیس کا کوئی خوف نہیں۔

Ads