مسٹر گاندھی نے کہا کہ ذرا سوچیے، اگر آپ کے ماں باپ، بچے یا بھائی، بہن کے سر سے اچانک چھت چھین لی جائے ، آپ کے پورے خاندان کو ایک لمحے میں بے گھر کر دیا جائے تو آپ کو کیسا محسوس ہوگا؟ دہلی کی کچی بستیوں میں رہنے والے سیکڑوں غریب خاندان آج اسی کرب سے گزر رہے ہیں۔ ان چھوٹے چھوٹے گھروں میں ان کی پوری زندگی بسی ہوئی تھی، جنہیں بی جے پی حکومت نے بے رحمی سے مسمار کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ غریب کی جھونپڑی صرف ایک گھر نہیں بلکہ اس کا سہارا ہوتی ہے۔ یہ ان کے خواب، ان کی عزت اور جینے کا واحد سہارا تھا۔ انتظامیہ کے ذریعے کیا جا رہا یہ ظلم، بی جے پی کی غریبوں کے تئیں بے حسی اور اقتدار کے گھمنڈ کو ظاہر کرتا ہے۔
مسٹر گاندھی نے مزید کہا کہ ہم ان خاندانوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔ یہ لڑائی صرف گھروں کی نہیں بلکہ انصاف اور انسانیت کی ہے اور ہم ہر محاذ پر اس کے لیے لڑیں گے۔