تہران، 27 جولائی (مسرت ڈاٹ کام) شام کو بحران سے نجات دلانے، انسانی وقار کی بحالی اور جمہوریت کے قیام کے لیے دو سو ممتاز شخصیات نے نیا اتحاد قائم کرلیا۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شام کو بحران سے نجات دلانے اور قومی یکجہتی کی بحالی کے لیے دو سو سے زائد ممتاز شامی شخصیات نے ایک نئے اتحاد شما سالویشن فرنٹ کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ اس اتحاد کا مقصد ملک میں جاری انتشار اور عدم استحکام کو ختم کرکے ایک عادلانہ، منصفانہ اور جمہوری نظام کی بنیاد رکھنا ہے۔
اس نئے اتحاد کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں مطالبہ گیا ہے کہ سب سے پہلے صوبہ سویڈا میں فائرنگ اور لڑائی کو مکمل طور پر بند کیا جائے اور وہاں انسانی امداد کی فوری اور بلارکاوٹ فراہمی یقینی بنائی جائے۔
اعلامیہ میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ بین الاقوامی، عربی اور شامی قانونی اداروں کی نگرانی میں ان علاقوں کو تحفظ دیا جائے تاکہ دوبارہ جارحیت نہ ہو۔ اسی طرح شام کے مختلف طبقات کو ملک سے باہر نکالنے کے عمل کو روکا جائے اور ملک کی آبادیاتی ساخت کو جان بوجھ کر تبدیل کرنے کی کسی بھی کوشش کو سختی سے مسترد کیا جائے۔
اتحاد نے مطالبہ کیا ہے کہ تمام غیر ریاستی گروہوں سے اسلحہ واپس لے کر صرف ریاستی حاکمیت کے پاس رکھا جائے تاکہ قانون کی بالادستی بحال ہو۔
اتحاد ایک ایسی آزاد اور غیر جانبدار تحقیقاتی کمیٹی کے قیام کا خواہاں ہے جو ملک میں ہونے والے مظالم اور جرائم کی تفصیل سے چھان بین کرے۔
بیان کے اختتام پر زور دیا گیا ہے کہ شام کو عدل، برابری اور بنیادی انسانی حقوق کی طرف ایک نئے سفر کا آغاز کرنا ہوگا تاکہ ظلم، ناانصافی اور زبردستی کے سائے سے نکل کر ایک روشن اور پائیدار مستقبل کی جانب بڑھا جاسکے۔
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ بشار اسد حکومت کے زوال کے بعد سے اب تک شام میں عام شہریوں کے قتل، جبری گمشدگیوں اور دیگر جرائم میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔