Masarrat
Masarrat Urdu

ٹرمپ کے بیان کا جواب دینے کے سوال پر مودی خاموش کیوں ہیں: کانگریس

Thumb

نئی دہلی، 23 جولائی (مسرت ڈاٹ کام) کانگریس کے صدر اور راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملک ارجن کھڑگے اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے   ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی کرانے  کے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے مسلسل دعوے کو ہندوستان کی توہین قرار دیتے ہوئے کہا کہ حیرت کی بات ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے  اس معاملے پر  اب تک خاموشی اختیار  کر رکھی ہے۔

مسٹر کھڑگے نے کہا کہ ملک اہم ہے اور اسی وجہ سے کانگریس سمیت تمام اپوزیشن پارٹیوں نے حکومت کی حمایت کی تھی۔ ایسے میں اگر مسٹر ٹرمپ بار بار ہندوستان کی توہین کررہے ہیں تو اس کا جواب دیا جانا چاہئے۔ نائب صدر کے عہدے سے مسٹر جگدیپ دھنکھڑ کے استعفیٰ پر انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کو اس سوال کا  بھی جواب دینا چاہئے۔
مسٹر راہل  گاندھی نے خارجہ پالیسی  کے سلسلے میں مودی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر 25 بار کہہ چکے ہیں کہ ان کے حکم پر  جنگ بندی کی گئی ہے اور اگر یہ سچ ہے تو مسٹر ٹرمپ فوجی کارروائی کو روکنے والا کون  ہوتے ہيں، یہ ان کا کام نہیں ہے۔ مسٹر مودی کو اسے عوامی سطح پر قبول کرنا چاہئے یا اس کا مناسب جواب دینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ خود کو محب وطن سمجھنے والے مودی ٹرمپ کو جواب دینے کے قابل نہیں ہیں۔
حکومت پر خارجہ پالیسی کو پامال کرنے کا الزام لگاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک طرف ملک میں آپریشن سندور جاری ہے تو دوسری طرف حکومت فتح کی بات کرتی ہے لیکن اس دوران مسٹر ٹرمپ  جنگ بندی کرانے  کا دعویٰ کر رہے ہیں، تو اس میں ضرور کچھ  گڑبڑ ہے۔

Ads