Masarrat
Masarrat Urdu

وزیراعظم مودی کے دورے میں ہند-برطانیہ آزاد تجارتی معاہدہ طے پانے کا امکان

Thumb

نئی دہلی، 22 جولائی (مسرت ڈاٹ کام)  وزیراعظم نریندر مودی کے کل سے شروع ہونے والے برطانیہ کے دورے میں  ہند-برطانیہ کے درمیان طویل عرصے سے زیر التوا آزاد تجارتی معاہدے  پر دستخط ہونے کے  امکانات ہیں۔

وزیراعظم مودی 23 جولائی سے 26 جولائی تک چار روزہ دو ملکی دورے پر روانہ ہوں گے۔ دورے کے پہلے مرحلے میں وہ برطانیہ جائیں گے، جب کہ دوسرے مرحلے میں وہ 25 جولائی کو مالدیپ پہنچیں گے۔
خارجہ سیکرٹری مسٹر وکرم مسری نے منگل کو  ایک خصوصی بریفنگ کے دوران بتایا کہ وزیراعظم مودی، برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر کی دعوت پر برطانیہ کے سرکاری دورے پر جا رہے ہیں۔ یہ وزیراعظم کا برطانیہ کا چوتھا  دورہ ہوگا۔ اس سے قبل وہ 2015، 2018 اور 2021 میں بھی برطانیہ کا دورہ کر چکے ہیں۔ وزیراعظم مودی اپنے برطانوی ہم منصب کے ساتھ ہند -برطانیہ دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر جامع گفتگو کریں گے،      علاقائی اور عالمی اہمیت کے امور پر بھی خیالات کا تبادلہ  کریں گے۔ وزیراعظم کی بادشاہ چارلس سوم سے  بھی  ملاقات کی توقع ہے۔
دورے کے دوران دونوں ممالک تجارت و معیشت، ٹیکنالوجی و اختراعات، دفاع و سلامتی، صحت، تعلیم  اور عوامی روابط پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے جامع اسٹریٹجک شراکت داری کی پیش رفت کا جائزہ لیں گے۔ آزاد تجارتی معاہدے      کے حوالے سے سوال پر سیکرٹری وکرم مسری نے کہا کہ ہندوستان اور برطانیہ کے درمیان اس معاہدے پر بات چیت مئی میں مکمل ہو چکی ہے  اور اب صرف رسمی کارروائی باقی ہے۔
ذرائع کے مطابق، وزیراعظم کے دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان معاہدے کے حتمی اعلان کی پوری امید ہے، جس سے اقتصادی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
مسری نے بتایا کہ برطانیہ، ہندوستان میں چھٹا سب سے بڑا سرمایہ کار ہے اور اس نے ہندوستان میں 36 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔ ہندوستان بھی برطانیہ میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری      کا ایک بڑا ذریعہ ہے،  جس کی کل  سرمایہ کاری  تقریباً 20 ارب ڈالر ہے۔ اس وقت برطانیہ میں ایک ہزار سے زائد ہندوستانی کمپنیاں سرگرم عمل ہیں، جو مقامی لوگوں کو روزگار فراہم کرتی ہیں۔

Ads