Masarrat
Masarrat Urdu

جگدیپ دھنکھڑنے غیر متوقع طور پر نائب صدر کے عہدے سے دیا استعفیٰ

Thumb

نئی دہلی، 21 جولائی (مسرت ڈاٹ کام) نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ نے پیر کو ایک غیر متوقع پیش رفت میں   اپنی مدت کار کے وسط میں اچانک اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ۔

صدر دروپدی مرمو کے نام اپنے استعفیٰ خط میں انہوں نے کہا ہے کہ وہ صحت کی وجوہات کی بناء پر عہدے سے مستعفی ہو رہے ہیں۔
مسٹر دھنکھر 11 اگست 2022 سے ملک کے نائب صدر کے عہدے پر فائز تھے اور ان کی میعاد پانچ سال کی تھی۔ ایسے میں ان کے دور اقتدار کے تقریباً وسط میں فوری اثر سے ان کے استعفیٰ سے ہر کوئی حیران ہے۔
صدر کو لکھے گئے خط میں انہوں نے کہا ہے کہ وہ طبی مشورے کے بعد صحت وجوہات کی بنا پر اپنے عہدے سے فوری طور پر استعفی دے  رہے ہیں۔
مسٹر دھنکھڑنے خط میں لکھا ہے کہ ’’صحت کو ترجیح دینے اور طبی مشورے پر عمل کرنے کے لیے، میں آئین کے آرٹیکل 67 (اے) کے مطابق، ہندوستان کے نائب صدر کے عہدے سے فوری اثر سے استعفیٰ دیتا ہوں‘‘۔ نائب صدر کے دفتر نے مسٹر دھنکھر کی طرف سے صدر کو لکھا گیا خط بھی سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا ہے۔
واضح رہے کہ مسٹر دھنکھر نے آج یعنی پیر کو راجیہ سبھا کی کارروائی چلائی۔ بدھ کو ایک روزہ دورے پر راجستھان میں جے پور جانے کے ان کے پروگرام کا بھی آج اعلان کیا گیا۔
مسٹر دھنکھڑ کو اس سال مارچ میں عارضہ قلب کی وجہ سے ایمس میں داخل کرایا گیا تھا جہاں علاج کے دوران انہیں اسٹینٹ  ڈالا  گیا تھا۔ صحت یاب ہونے کے بعد وہ مسلسل راجیہ سبھا کی کارروائی چلا رہے تھے۔ گزشتہ جون میں جب وہ نینی تال میں ایک پروگرام میں شرکت کے لیے گئے تھے تو ان کی طبیعت بگڑ گئی۔

Ads