Masarrat
Masarrat Urdu

بہار میں روزگار میلے میں جمع ہونے والی بھیڑ پر راہل نے حکومت پر حملہ کیا

Thumb

نئی دہلی 20 جولائی (مسرت ڈاٹ کام) کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے بہار میں روزگار میلے میں جمع ہونے والے بے روزگار نوجوانوں کی بڑی بھیڑ کو لے کر قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ بہار کے نوجوان اب لچھے دار باتوں کے فریب میں نہیں آنے والے ہیں بلکہ وہ روزگار کی ضمانت چاہتے ہیں اور یہ کام صرف کانگریس کے ذریعے ہی ہو سکتا ہے۔

مسٹر گاندھی نے کہا کہ بے روزگار نوجوانوں کی یہ بھیڑ ظاہر کرتی ہے کہ حکومت بہار کے قابل نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے میں کامیاب نہیں ہے۔ بہار کے نوجوان تقریر نہیں بلکہ روزگار چاہتے ہیں اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی قیادت والی حکومت انہیں روزگار فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے۔
انہوں نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہاکہ "مہا روزگار میلے میں جمع ہونے والی یہ بھیڑ صرف ایک بھیڑ نہیں ہے، یہ ایک پیغام ہے کہ بہار کے نوجوان اب تقریروں سے نہیں روزگار سے اپنا مستقبل چاہتے ہیں۔ جس طرح سے بی جے پی اور نتیش حکومت نے بہار کو بے روزگاری کی آگ میں جھونک دیا ہے، لاکھوں نوجوانوں کو روزی روٹی کے لیےاپنے گاؤں، اپنے خاندان چھوڑ کر محنت مزدوری کرنے کے لیے ہجرت کرنا پڑی ہے۔ انہیں صرف مقامی اور باعزت روزگار کی ضرورت ہے۔''
مسٹر گاندھی نے کہا کہ اب تبدیلی شروع ہو گئی ہے۔ کانگریس اور انڈیا اتحاد صرف یقین دہانیاں نہیں بلکہ حل لے کر آیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ''ہمارا ہدف واضح  ہے - ہنر کا حق، ہر نوجوان کو روزگار، ہجرت بند ہونی چاہیے، ہر خاندان کو ساتھ رہنا چاہیے۔
اس راستے سے ایک خوشحال بہار بنے گا۔''

Ads