Masarrat
Masarrat Urdu

صلح چاہتے ہیں مگر ہتھیار نہیں ڈالیں گے، شیخ نعیم قاسم

Thumb

بیروت، 7 جولائی (مسرت ڈاٹ کام) حزب اللہ کے سربراہ نے کہا ہے کہ حزب‌اللہ و امل متحد ہیں، رہبر انقلاب کی قیادت میں مزاحمت ہماری پہچان ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حزب اللہ لبنان کے سربراہ شیخ نعیم قاسم نے حسینی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم امام حسینؑ کے پیروکار ہیں اور ظلم کے خلاف لڑنا ہمارا ایمان ہے۔ ہم ہرگز سر تسلیم خم نہیں کریں گے اور یہ پیغام آج ہم نے دنیا کو دے دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سال لبنان بھر میں مجالس، جلوس اور عاشورائی اجتماعات پہلے سے زیادہ جوش و خروش اور ولولے کے ساتھ منعقد ہوئے۔ یہ سب اس بات کی دلیل ہے کہ عوام حق کے ساتھ ہیں اور باطل کے خلاف سینہ سپر ہیں۔

شیخ نعیم قاسم نے صہیونی حکومت کے حملوں پر سخت موقف اپناتے ہوئے کہا کہ ہم لبنان کی سرزمین کا دفاع کر رہے ہیں اور دشمن کے ہر حملے کا جواب دیں گے۔ اگر پوری دنیا بھی ہمیں روکنے کے لیے متحد ہو جائے تو بھی ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے، کیونکہ آزادی ہمارا نصب العین ہے۔

انہوں نے ایران کے عوام کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی قوم نے اپنی استقامت اور بیداری سے صہیونی منصوبوں کو خاک میں ملا دیا۔

شیخ نعیم قاسم نے مزید کہا کہ ہم اس راہ پر امام موسیٰ صدر اور سید حسن نصراللہ کے نقشِ قدم پر چل رہے ہیں۔ مقاومت ہماری شناخت ہے اور ہم کسی قیمت پر اسے ترک نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ جنگ بندی کے معاہدے کے باوجود صہیونی جارحیت جاری ہے، ایسے میں ہم سے ہتھیار ڈالنے یا موقف نرم کرنے کی توقع بے معنی ہے۔

آخر میں انہوں نے واضح کیا کہ ہم میدان میں موجود ہیں، دشمن کے مقابل ڈٹے رہیں گے، اور شہداء کے خون کی امانت کا ہر حال میں دفاع کریں گے۔ تسلیم اور پسپائی ہمارے راستے نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر اسرائیل امن کا پہلا مرحلہ نافذ کرے، تو ہم سلامتی اور دفاعی حکمت عملی پر مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے امریکی اور صہیونی دھمکیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہم نہ قتل کی دھمکیوں سے ڈرتے ہیں اور نہ تسلیم ہونے کی باتوں کو اہمیت دیتے ہیں۔ ہم مرد میدان ہیں، اور نہ صرف امن کے لیے تیار ہیں بلکہ دفاع اور مقاومت کے لیے بھی ہر لمحہ تیار کھڑے ہیں۔

شیخ نعیم قاسم نے صہیونی حکومت کی جانب سے حزب اللہ کو اسلحہ ترک کرنے کے مطالبے کو حیرت انگیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے دفاعی میزائل ہماری طاقت کی بنیاد ہیں، ہم ایک خودمختار، باوقار اور آزاد وطن میں جینے کا حق رکھتے ہیں۔ حزب اللہ اور امل ایک صف میں کھڑے ہیں اور ہر میدان میں متحد ہیں۔

انہوں نے فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین وہاں کے عوام کا ہے۔ استقامت کی بدولت آپ دنیا کی عظیم ترین قوم بن چکے ہیں۔ ہم ہمیشہ آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔

شیخ نعیم قاسم نے ایران اور رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ خامنہ ای کی بصیرت، شجاعت اور رہنمائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم پر رہبر معظم کا سایہ شجاعت و ایمان موجود ہے۔ ایرانی عوام نے صہیونی سازشوں کے آگے استقامت دکھا کر سب کو حیران کر دیا۔

Ads