Masarrat
Masarrat Urdu

ہندوستان نے انگلینڈ کو 336 رنز سے ہرایا

Thumb

برمنگھم، 06 جولائی (مسرت ڈاٹ کام) آکاش دیپ (چھ وکٹوں) کی خطرناک باؤلنگ کی بنیاد پر ہندوستان نے اتوار کو انگلینڈ کو دوسرے ٹیسٹ میچ کے پانچویں دن دوسری اننگز میں 271 رنز پر محدود کر کے میچ 336 رنز سے جیت لیا۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان نے پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر لی ہے۔

لنچ کے بعد پرشدھ کرشنا نے کرس ووکس (سات) کو آؤٹ کرکے ہندوستان کو ساتویں کامیابی دلائی۔ اس کے بعد آکاش دیپ نے جیمی اسمتھ کو آؤٹ کر کے انگلینڈ کو بڑا جھٹکا دیا۔ جیمی اسمتھ نے 99 گیندوں میں نو چوکے اور چار چھکے لگا کر (88) رنز کی اننگز کھیلی۔ انگلینڈ کی نویں وکٹ جوش ٹونگ (دو) کی صورت میں گری۔ سراج نے رویندر جڈیجہ کی گیند پر مڈ وکٹ کی طرف چھلانگ لگا کر ٹونگ کو کیچ لیا۔ 69ویں اوور کی پہلی گیند پر آکاش دیپ نے برائیڈن کارس (38) کو آؤٹ کر کے انگلینڈ کی دوسری اننگز 271 کے اسکور پر ختم کر دی اور میچ 336 رنز سے جیت لیا۔
لنچ سے ٹھیک پہلے واشنگٹن سندر نے ہندوستان کو اسٹوکس کا وکٹ دلایا جو ہندوستانی ٹیم کے لیے بہت اہم ہے۔ اس سیشن کے آغاز میں آکاش دیپ نے شاندار بولنگ کی اور دو وکٹیں حاصل کیں۔ لیکن اس کے بعد اسٹوکس اور اسمتھ کے درمیان 70 رنز کی اچھی پارٹنرشپ ہوئی لیکن اسٹوکس لنچ سے ٹھیک پہلے آؤٹ ہوگئے۔
انگلینڈ نے کل کھیل کا آغاز تین وکٹوں پر 72 رنز سے کیا۔ انگلینڈ نے اپنا چوتھا وکٹ اولی پوپ (24) کی صورت میں صرف آٹھ رنز جوڑ کر گنوایا۔ اولی پوپ کو آکاش دیپ نے بولڈ آؤٹ کیا۔ اس کے بعد آکاش دیپ نے 22ویں اوور میں ہیری بروک (23) کو ایل بی ڈبلیو کر کے ہندوستان کو پانچویں کامیابی دلائی۔ ہندوستان کو چھٹی کامیابی اس وقت ملی جب واشنگٹن سندر نے کپتان بین اسٹوکس (33) کو ایل بی ڈبلیو کیا۔ ہندوستان کے لیے آکاش دیپ نے 21.1 اوور میں 99 رن دے کر چھ وکٹیں حاصل کیں۔ محمد سراج، رویندر جڈیجہ اور واشنگٹن سندر نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل ہندوستان نے پہلی اننگز میں 587 رنز کا بڑا اسکور بنایا تھا۔ انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 407 رنز بنائے تھے۔ ہندوستان نے دوسری اننگز چھ وکٹوں پر 427 کے اسکور پر ڈکلیئر کردی تھی۔

Ads