Masarrat
Masarrat Urdu

ترجمہ ایک نئے علمی، فکری، نظریاتی اور تہذیبی خطے کو فتح کرنے سے عبارت : پروفیسر ارجمند آرا

  • 26 Feb 2025
  • مسرت ڈیسک
  • ادب
Thumb

نئی دہلی ، 26 فروری (مسرت ڈاٹ کام)  ترجمہ ایک نئے علمی، فکری، نظریاتی اور تہذیبی خطے کو فتح کرنے سے عبارت ہے۔ ترجمہ اپنے مطالعے میں کسی کو شریک کرنے کا عمل ہے۔ میرے لیے ترجمہ نئی زندگی جینے کے مترادف ہے۔  ان خیالات کا اظہار شعبہ اردو، جامعہ ملیہ اسلامیہ کے زیرِ اہتمام منعقدہ توسیعی خطبے میں معروف ترجمہ نگار پروفیسر ارجمند آرا (شعبۂ اردو، دہلی یونیورسٹی) نے ’’ادبی متن اور ترجمے کا عمل‘‘ کے موضوع پر  توسیعی خطبہ پیش کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ترجمہ صرف لفظوں کا نہیں ہوتا بلکہ متن میں جو فضا ہوتی ہے، دھڑکتا ہوا سماج ہوتا ہے، ایک کامیاب ترجمہ اس کو بھی دوسری زبان میں منتقل کر تا ہے۔ میرے لیے ترجمے کا عمل دنیا کو سمجھنے، لوگوں کو سمجھنے اور ان کی جبلتوں کو سمجھنے کی ایک کوشش ہے۔ اور اسی کے ذریعے ہم خود کو بھی سمجھ سکتے ہیں۔
صدارتی کلمات میں صدر شعبہ اردو، جامعہ ملیہ اسلامیہ پروفیسر کوثر مظہری نے کہا کہ ترجمے پر یہ خطبہ اس لیے بھی وقیع ہے کہ خود مقرر بیس برسوں سے زائد عرصے سے ترجمہ کر رہی ہیں۔ علمی اور کاروباری ترجمہ کرنا کوئی مشکل کام نہیں ہے، لیکن ادبی متون کا ترجمہ صرف دو زبانوں پر دسترس کا ہی متقاضی نہیں، بلکہ متعلقہ موضوع اور تہذیبی انسلاکات سے وابستہ ہوتے ہوئے بھرپور تخلیقی شان کے ساتھ متن کی کیفیت اور فضا کو منتقل کرنے کا بھی تقاضہ کرتا ہے  اور اس عمل کے لیے ترجمہ نگار کو متن کے ساتھ جینا پڑتا ہے۔
اس توسیعی خطبے کے کنوینر ڈاکٹر مشیر احمد تھے، جنھوں نے ارجمند آرا کا مفصل تعارف پیش کرتے ہوئے استقبال اور نظامت کے فرائض انجام دیے۔ پروگرام کا آغاز محمد اسجد کی تلاوت اور اختتام ڈاکٹر نوشاد منظر کے اظہارِ تشکر پر ہوا۔ پروگرام میں پروفیسر حبیب اللہ، پروفیسر شہزاد انجم، پروفیسر احمد محفوظ، پروفیسر ندیم احمد، پروفیسر عمران احمد عندلیب، پروفیسر سرورالہدیٰ، ڈاکٹر خالد مبشر، ڈاکٹر سید تنویر حسین، ڈاکٹر محمد مقیم، ڈاکٹر امتیاز وحید، ڈاکٹر عادل حیات، ڈاکٹر انوارالحق، ڈاکٹر جاوید حسن، ڈاکٹر راہین شمع، ڈاکٹر شاداب تبسم، ڈاکٹر محمد آدام، ڈاکٹر ثاقب عمران، ڈاکٹر شاہنواز فیاض، ڈاکٹر غزالہ فاطمہ، ڈاکٹر حنبل رضا اور ڈاکٹر محمد عارف کے علاوہ ریسرچ اسکالرز اور طلبہ و طالبات شریک تھے۔

Ads