تہران، 28 نومبر (مسرت ڈاٹ کام) حماس نے ایک بیان جاری کرکے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ شمالی غزہ میں فلسطینی عوام کو نسل کشی سے بچایا جائے۔
ارنا کے مطابق حماس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ صیہونی دشمن نے شمالی غزہ کے جبالیا کیمپ اور بیت لاہیا میں اپنے وحشیانہ حملوں کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔
حماس نے جبالیا اور بیت لاہیا کا محاصرہ جاری رہنے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صیہونی دشمن نے بیت لاہیا میں وحشیانہ بمباری شدید تر کردی ہے اور پچپن دن سے اس شہر کا محاصرہ جاری رکھا ہے۔
حماس نے کہا ہے کہ امریکی حکومت صیہونی دشمن کی اصلی حامی اور فلسطینی عوام کی نسل کشی سمیت صیہونی حکومت کے سبھی وحشیانہ جرائم میں برابر کی شریک ہے۔
حماس نے اپنے بیان میں بین الاقوامی برادری اور دنیا کے حریت پسندوں سے مطالبہ کیا ہے کہ غزہ میں فلسطینی عوام کو نسل کشی اور بھوک مری سے بچانے کے لئے بلا تاخیر ضروری اقدامات انجام دیئے جائيں۔
حماس نے بین الاقوامی امدادی اداروں اور انسان دوستانہ امور میں سرگرم تنظیموں سے بھی اپیل کی ہے کہ غزہ کے عوام تک امداد رسانی کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں اور امداد کا راستہ کھولنے کے لئے صیہونی حکومت پر دباؤ بڑھا دیں۔