Masarrat
Masarrat Urdu

نیوزی لینڈ کو 22 رن سے شکست دے کر ہندوستان نے 3-1 سے سیریز جیتی

Thumb

ماؤنٹ مونگانوئی، 15 نومبر (مسرت ڈاٹ کام) اکشر پٹیل اور ایشان کشن (46-46 رن) کی شاندار بلے بازی کے بعد ارشدیپ سنگھ (3 وکٹ) اور محمد سراج اور اکشر پٹیل (2-2 وکٹ) کی قیادت میں گیند بازوں کی بہترین کارکردگی کی بدولت ہندوستان نے اتوار کو کم اسکور کا کامیابی سے دفاع کرتے ہوئے پانچویں اور سیریز کے آخری یک روزہ مقابلے میں نیوزی لینڈ کو 22 رن سے شکست دے دی۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان نے 5 میچوں کی سیریز 3-1 سے اپنے نام کرلی۔

210 رن کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری نیوزی لینڈ کی ٹیم کو چھٹے اوور میں محمد سراج نے ٹم سیفرٹ (14 رن) کو آؤٹ کرکے ہندوستان کو پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد ہندوستانی گیند بازوں کے سامنے نیوزی لینڈ کے بلے باز جدوجہد کرتے نظر آئے اور وقفے وقفے سے اپنی وکٹیں گنواتے رہے۔

ول ینگ (22 رن) کو 17ویں اوور میں ارشدیپ سنگھ نے آؤٹ کیا۔ اس کے بعد 25ویں اوور میں ارشدیپ سنگھ نے نک کیلی (24 رن) کو بولڈ کرکے پویلین بھیج دیا۔ فن ایلن (1 رن)، مائیکل بریسویل (19 رن)، ڈین فاکس کرافٹ (31 رن)، کپتان مچل سینٹنر (24 رن) اور کرسچین کلارک (16 رن) بناکر آؤٹ ہوئے۔

47ویں اوور کی دوسری گیند پر اکشر پٹیل نے جیکب ڈفی (9 رن) کو آؤٹ کرکے ہندوستان کو نویں کامیابی دلائی۔ 49ویں اوور کی پہلی گیند پر اکشر پٹیل نے بلیئر ٹکنر (14 رن) کو وکٹ کیپر ایشان کشن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ اس طرح نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 187 رن پر سمٹ گئی اور ہندوستان نے 22 رن سے مقابلہ جیت لیا۔

ہندوستان کی جانب سے ارشدیپ سنگھ نے 3 وکٹ حاصل کیے۔ محمد سراج اور اکشر پٹیل کو 2-2 وکٹ ملے۔ عاقب نبی، یش ٹھاکر اور نمن دھیر نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

اس سے پہلے آج یہاں جیکب ڈفی اور مچل سینٹنر (3-3 وکٹ) اور میتھیو فشر (2 وکٹ) کی شاندار گیند بازی کی بدولت نیوزی لینڈ نے ہندوستان کو 42.1 اوور میں 209 رن پر سمیٹ دیا۔ نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔

بلے بازی کے لیے اتری ہندوستانی ٹیم کی شروعات اچھی نہیں رہی اور اس نے 34 رن کے مجموعی اسکور پر اپنے 3 وکٹ گنوا دیے۔ روہت شرما (7 رن)، وراٹ کوہلی (5 رن) اور رُتوراج گائیکواڑ (18 رن) بناکر آؤٹ ہوئے۔ روہت اور وراٹ کو میتھیو فشر نے آؤٹ کیا، جبکہ گائیکواڑ جیکب ڈفی کا شکار بنے۔
اس کے بعد اکشر پٹیل اور کپتان شریاس ایر کی جوڑی نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ دونوں نے چوتھی وکٹ کے لیے 52 رن جوڑے۔ 18ویں اوور میں بلیئر ٹکنر نے شریاس ایر (22 رن) کو آؤٹ کرکے اس شراکت داری کا خاتمہ کردیا۔
اس کے بعد ایشان کشن نے اکشر پٹیل کے ساتھ مل کر اننگز کو آگے بڑھایا۔ دونوں نے پانچویں وکٹ کے لیے 35 رن جوڑے۔ 25ویں اوور میں بریسویل نے اکشر پٹیل کو آؤٹ کردیا۔ اکشر پٹیل نے 55 گیندوں پر 5 چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 46 رن بنائے۔
مچل سینٹنر نے نمن دھیر (22 رن)، عاقب نبی (5 رن) اور یش ٹھاکر (صفر) کو آؤٹ کرکے ہندوستان کے بڑے اسکور تک پہنچنے کی امیدوں کو زبردست جھٹکا دیا۔ 41ویں اوور میں جیکب ڈفی نے ایک جانب سے رن بناتے ہوئے اننگز کو سنبھالنے والے ایشان کشن کو آؤٹ کرکے پویلین بھیج دیا۔ ایشان کشن نے 58 گیندوں پر 3 چوکے اور 2 چھکوں کی مدد سے 46 رن بنائے۔ 43ویں اوور کی پہلی گیند پر جیکب ڈفی نے ارشدیپ سنگھ (14 رن) کو بولڈ کرکے ہندوستانی اننگز کا 209 رن پر خاتمہ کردیا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے جیکب ڈفی اور مچل سینٹنر نے 3-3 وکٹ حاصل کیے۔ میتھیو فشر کو 2 وکٹ ملے، جبکہ مائیکل بریسویل اور بلیئر ٹکنر نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

 

 

Ads

مضامین

Ads